کے یو جے کا نیوز ون اور بول سمیت میڈیا ہاوسز میں تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر پر اظہار تشویش

0
81

کراچی: کراچی یونین آف جرنلسٹس نے نیوز ون اور بول ٹی وی میں تنخواہوں کی ادائیگی میں ایک بار پھر تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور میڈیا مالکان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی پرانی روش پر آنے کی کوشش نہ کریں۔ تمام میڈیا ہاوسز میں ناصرف تنخواہیں وقت پر ادا کی جائیں بلکہ کئی ماہ کی رکی ہوئی تنخواہیں بھی فوری طور پر ادا کی جائیں۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر شاہد اقبال اور جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملازمین کا نادہندہ نیوز ون ٹی وی ایک دفعہ پھر اپنی پرانی روش پر آرہا ہے ادارے میں پہلے ہی 7 ماہ کی تنخواہیں واجب الادا ہیں اور ماہ مئی میں ادارے میں کوئی تنخواہ نہیں دی گئی یہ وہ ادارہ ہے۔ جس نے 27 نومبر 2019 کو اپنے ملازم ایس ایم عرفان کے دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کے بعد صحافی تنظیموں سے تحریری معاہدہ کیا تھا کہ اپریل 2020 تک تمام ملازمین کی تمام واجب الادا تنخواہیں ادا کردی جائیں گی، اس وقت بھی ادارے میں 6 ماہ کی تنخواہیں واجب الادا تھیں لیکن نیوز ون کی انتظامیہ نے اس معاہدے پر بھی عمل نہیں کیا اور آج ادارے میں ملازمین کی واجب الادا تنخواہیں 7 ماہ کی ہوچکی ہیں۔ 2 جون 2022 کو ادارے میں تنخواہ دی گئی لیکن دیکھا جائے تو یہ نئے سال کی پہلی تنخواہ ہے یعنی جنوری 2022 کی تنخواہ جون 2022 میں دی گئی ہے۔

بیان میں بول نیوز میں تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بول نیوز کے مالک شعیب شیخ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر تنخواہیں ادا کریں بول نیوز میں تاحال اپریل کی تنخواہ نہیں کی گئی ہے جبکہ رپورٹنگ الاونس، فیول الاونس اور میڈیکل کے بلز بھی ادا نہیں کیے جارہے ہیں۔ بول نیوز میں ملازمین کی تنخواہوں میں ناصرف 2015 سے کوئی اضافہ نہیں کیا گیا بلکہ 2018 میں تنخواہوں میں کی گئی کٹوتی بھی واپس نہیں کی گئی ہے۔

بیان میں میڈیا مالکان سے کہا گیا ہے کہ وہ اس کمر توڑ مہنگائی میں ان میڈیا ورکرز کا خیال کریں جن کی محنت سے ان کے محل روشن ہیں اور وہ عیش و عشرت والی زندگی گزار رہے ہیں۔

بیان میں وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ میڈیا ہاوسز میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور تاخیر سے ادائیگی کا نوٹس لیں اور میڈیا مالکان کو پابند کریں کہ وہ اپنے ملازمین کو بروقت تنخواہیں ادا کریں۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے میڈیا مالکان کو متنبہ کیا ہے کہ اگر انہوں نے اپنی پرانی روش پر آنے کی کوشش کی تو کراچی یونین آف جرنلسٹس بھی ماضی کی طرح ان کے دفاتر اور گھروں کا گھیرائو کرے گی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں