جامعہ سندھ کے اسکالرز کا پی ایچ ڈی تھیسز کا کامیاب دفاع

0
309

جامشورو: جامعہ سندھ کے دو اسکالرز سید شرف علی شاہ اور عبدالقیوم مغیری نے جامعہ سندھ میں منعقد ہونے والے پی ایچ ڈی فائنل سیمینار میں اپنی تھیسز کا کامیابی سے دفاع کیا ہے۔  دونوں نے بترتیب تعلیم اور کیمسٹری شعبوں میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

 سید شرف علی شاہ نے ”صوبہ سندھ میں انگریزی مضمون کے تدریس کا جائزہ لینے سے متعلق مطالعہ: چیلینجز و حل“ کے موضوع پر سپروائیزر پروفیسر ڈاکٹر صالحہ پروین اور کوسپروائیزر پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد میمن کی زیر نگرانی اپنی پی ایچ ڈی کی تھیسز مکمل کی۔

سیمینار فیکلٹی آف ایجوکیشن ایلسا قاضی کیمپس یونیورسٹی آف سندھ حیدرآباد میں منعقد کیا گیا، جس کی صدارت شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے کی۔ اپنی تھیسز کا دفاع کرتے ہوئے اسکالر شرف علی شاہ نے کہا کہ انگریزی زبان تمام ہائی اسکولز میں لازمی مضمون کے طور پر پڑھائی جاتی ہے، لیکن اس کے باوجود بچے انگریزی صحیح طرح سے نہیں بول سکتے۔ جس کی وجہ یہ سامنے آئی کہ اسکول ٹیچرز کو تربیب نہیں دی جاتی اور وہ بچوں کو عملی طور پر انگریزی زبان نہیں سکھا پاتے۔

 دوسری جانب اسکالر عبدالقیوم مغیری نے سائنس فیکلٹی کے ڈین کی آفس میں منعقد ہونے والے فائنل پی ایچ ڈی سیمینار میں اپنی تھیسز کا کامیابی سے دفاع کیا۔ انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر ظفر حسین ابوپوٹو، عرفانہ بیگم ملاح اور ڈاکٹر غلام زہریٰ کی زیر نگرانی نینو کمپوزٹ کیٹالسٹ پر اپنی تحقیق مکمل کی اور کوبلٹ، نکیل، کاپر و مکسڈ الائیز مٹیریل کو دریافت کیا۔ اسکالر عبدالقیوم مغیری کی تحقیق انوکھی اور انسانی زندگیوں میں ہائڈروجن کے ذریعے سے سہولیات کی فراہمی سے متعلق ہے اور نینو ٹیکنالوجی پر پاکستان میں اپنی نوعیت کی یہ پہلی تحقیق بتائی گئی ہے۔ دونوں اسکالرز نے اپنی اپنی تھیسز کے کامیاب دفاع کے بعد اپنے متعلقہ شعبوں میں پی ایچ ڈی کی سندیں حاصل کرنے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں