سعودی ادارہ انسداد کرپشن نے سعودی وزارت داخلہ سے وابستہ دو افراد کو گرفتار کرلیا

0
48

ریاض: سعودی ادارہ انسداد کرپشن نے سعودی وزارت داخلہ سے وابستہ دو افراد کو گرفتار کیا ہے جنہوں نے ایک غیر ملکی شخص کو 23 ملین ریال کے واجبات ادا کرنے کے اقرار نامے پر دستخط کرنے پر مجبور کیا اور اس کے عوض 60 ہزار ریال رشوت لی۔

سعودی میڈیا کے مطابق ادارے نے کہا ہے کہ مذکورہ افراد سے تفتیش کرنے پر انکشاف ہوا کہ یہ بہت بڑا گروہ ہے جو بنگلہ دیشی کارکنوں کے ویزوں کے کاروبار میں ملوث ہے۔ تفتیش کا دائرہ بڑھانے کے بعد مزید 3 بنگلہ دیشی غیر ملکیوں کو گرفتار کیا گیا ہے جنہوں نے اس بات کا إقرار کیا کہ وہ بنگلہ دیش میں سعودی سفارتخانے کے دو اعلی عہدیداروں کے تعاون سے ویزوں کا کاروبار کرتے ہیں۔

مذکورہ افراد کے گھروں کی تلاشی سے مجموعی طور پر 20 ملین ریال سے زیادہ نقد رقم، سونے کے بسکٹ اور قیمتی گاڑیاں ضبط ہوئی ہیں۔ ان کی طرف سے پیش کی گئی معلومات کی روشنی میں مزید 5 بنگلہ دیشی کارکنوں کو گرفتار کیا گیا جو گرفتار شدگان کے ساتھ ویزے فروخت کرنے میں قانونی سہولت فراہم کرتے تھے۔ مذکورہ افراد سے تفتیش کے دوران ملنے والی معلومات کی روشنی میں بنگلہ دیش میں کام کرنے والے سعودی سفارتی عملے کو تفتیش میں شامل کیا گیا۔

ادارے نے بنگلہ دیش میں قونصلیٹ امور کے سربراہ اور سابق نائب سفیر عبد اللہ فلاح مضحی الشمری اور نائب سربراہ قونصلیٹ امور خالد ناصر عایض القحطانی کو طلب کرکے گرفتار کرلیا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں