ناظم جوکھیو قتل کیس میں نامزد ملزم بغیر ہتھکڑی عدالت میں پیش، 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

0
454

کراچی: مقامی عدالت نے ناظم جوکھیو قتل کیس میں پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی جام اویس کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

کراچی کی ملیر کورٹ میں ملیر میمن گوٹھ میں غیرملکیوں کو شکار سے روکنے پر نوجوان کے قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ پولیس نے ممبر صوبائی اسمبلی جام اویس کو عدالت میں پیش کیا۔


تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مقتول ناظم جوکھیو کے ورثا نے ایم پی اے جام اویس کو نامزد کیا ہے، ملزم جام اویس نے گزشتہ روز رضا کارانہ طور پر گرفتاری پیش کی، ملزم سے تفتیش، ساتھیوں سے متعلق معلومات کے لئے ریمانڈ دیا جائے۔

عدالت نےجام اویس گہرام کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیشرفت رپورٹ طلب کرلی۔

عدالت نے مزید 2 ملزمان حیدر اور میر علی کو بھی 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا، ملزمان حیدر اور میر علی فارم ہاؤس کے ملازم ہیں۔

یاد رہے مقتول ناظم نے غیر ملکیوں کو شکار سے روکنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی تھی، جس کے بعد مقتول ناظم کی تشددزدہ لاش ملیر میمن گوٹھ سے ملی تھی۔

ورثا نے الزام عائد کیا ہے کہ ایم پی اے کے مہمانوں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر ڈالنے پر ناظم جوکھیو کو جام ہاؤس بلا کر قتل کیا گیا۔


خیال رہے ناظم جوکھیو قتل کیس کی تحقیقات کیلئے ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کی سربراہی میں آٹھ رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، جو روزانہ کی بنیاد پر پیشرفت سے آگاہ کرے گی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں