سندھ حکومت کی ہدایت پر محکمہ تعلیم کے ملازمین کو پرنٹ و الیکڑانک میڈیا سے وابستگی کی بناء پر معطل کرنے کے احکامات جاری

0
346

کراچی: سندھ حکومت نے محکمہ تعلیم کے سرکاری ملازمین کی صحافتی سرگرمیوں کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ تعلیم میں اساتذہ سمیت مختلف عہدوں پر تعینات ملازمین کو صحافتی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر معطل کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔

سندھ حکومت کی ہدایت پر اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے 2 دسمبر کو جاری کردہ نوٹفیکیشن نمبر ایس (ایس ای سی-111)-1710/2022 کے مطابق محکمہ تعلیم نے مختلف عہدوں پر تعینات ملازمین کو پرنٹ و الیکڑانک میڈیا سے وابستگی کی بناء پر معطل کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔ اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں اندرون سندھ سے تعلق رکھنے والے محکمہ تعلیم کے ملازمین کے خلاف کاروائی کا آغاز کیا گیا ہے اور 45 سے زائد مختلف پوسٹوں پر تعینات اساتذہ کو معطل کیا گیا ہے۔

لاڑکانہ، سکھر، میرپور خاص اور حیدرآباد ڈویژن کے مختلف اسکولوں میں تعینات ان سرکاری اساتذہ کی صحافتی شعبے سے وابستگی کی وجہ سے طلباء کی تعلیم عدم توجہ کا شکار تھی۔

محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق محکمہ میں پہلے ہی اساتذہ کی کمی ہے اور یہ ملازمین اپنا اثررسوخ استعمال کرکے حاضریاں لگوا رہے تھے اور تنخواہیں وصول کررہے تھے جبکہ دوسری جانب یہ سرکاری ملازمت کے دوران ان سرگرمیوں میں شامل نہیں ہوسکتے۔ ذراِئع کا یہ بھی کہنا ہے کہ دوسرے مرحلے میں کراچی اور ٹھٹھہ سمیت اندرون سندھ کے مزید سرکاری ملازمین کے خلاف بھی کاروائی کی جاِئے گی۔

محکمہ تعلیم محکمہ اطلاعات سندھ سے بھی اس حوالے سے رابطے میں ہے اور سندھ بھر کے ڈسٹرکٹ پریس کلب کے ممبران کی معلومات بھی حاصل کرلی گئی ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں