اے این پی قیادت کو دھمکیوں سے ڈرایا نہیں جاسکتا، موقف پر کھڑے رہیں گے، زاہد خان

0
98

اسلام آباد: عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان زاہد خان نے اے این پی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان کو دی جانیوالی دھمکیوں، سوشل میڈیا پر ہراسانی اور پارٹی کے اندر اختلافات کی کوششوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اے این پی قیادت کو دھمکیوں سے ڈرایا نہیں جاسکتا، موقف پر کھڑے رہیں گے۔ صوبائی صدر ایمل ولی خان کو دی جانیوالی دھمکیاں پوری پارٹی کو دھمکی دینے کے مترادف ہے۔ پارٹی مرکزی صدر اسفندیارولی خان کی قیادت میں متحد اور منزل کی جانب رواں دواں ہے۔

 زاہد خان کا کہنا تھا کہ اختلافات کی کوششیں پہلے بھی کی جاچکی ہیں، شکست سازشی عناصر کا مقدر ہوگا۔ پارٹی آئین سے بالاتر کوئی نہیں، باچاخان اور ولی خان سے لے کر آج تک یہی اصول کارفرما ہے اور رہیں گے۔ مظلوم اقوام اور بالخصوص پشتونوں کا مقدمہ لڑنے کیلئے جو قیمت ادا کرنی پڑے گی، اے این پی ادا کرتی رہے گی۔ اے این پی کی قیادت نے دہشتگردوں کے سامنے اپنے سینے رکھے لیکن قوم اور ملک کو بچایا۔

انہوں نے کہا کہ آج اگر اس ملک میں عوام امن اور سکون سے رہ رہے ہیں تو اس کے پیچھے اے این پی کے ہزار سے زائد کارکنان اور رہنمائوں کی قربانیاں ہیں۔ خدائی خدمتگار انگریزوں کے خلاف کھڑے رہے، اے این پی نے ہر دور میں غاصب اور ظالم کی آنکھ میں آنکھیں ڈال کر حق کی بات کی۔ مرکزی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ آج ایک بار پھر عوامی نیشنل پارٹی کو خاموش کرنے کیلئے مختلف حربے استعمال کئے جارہے ہیں۔ہم سازشی عناصر کو متنبہ کرنا چاہتے ہیں کہ وہ اپنی توانائیاں کہیں اور صرف کریں، اے این پی اپنی تاریخی اور اصولی موقف پر ڈٹ کر کھڑی رہے گی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں