ایف بی آر اور صوبائی ریونیو اتھاریٹیز کے درمیان مفاہمت پر دستخط

0
35

اسلام آباد: ایف بی آر اور صوبائی ریونیو اتھاریٹیز کے درمیان سنگل پورٹل سیلز ٹیکس گوشوارے کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

فیڈرل بور ڈ آف ریونیواور صوبائی ریونیو اتھاریٹیز نے اشیاء اور خدمات پر سیلز ٹیکس کے لئے ایک ہی گوشوارہ متعارف کرنے اور سنگل پورٹل کی تشکیل کے لئے  مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ مفاہمت کی یادداشت کی بدولت وفاق اور صوبوں کے درمیان سیلز ٹیکس پر ہم آہنگی اور مطابقت کا حصول ممکن ہو گا۔

 ایف بی آر کی طرف سے چئیرمین ایف بی آر نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے جبکہ تمام صوبائی ریونیو اتھاریٹیز کی طرف سے ان کے سربراہان نے دستخط کئے۔خیبر پختونخواہ ریونیو اتھارٹی اور بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے نمائیندگان تقریب میں موجود تھے جبکہ پنجاب ریونیو اتھارٹی اور سندھ ریونیو بورڈ کے نمائیندگان نے تقریب میں آن لائن شرکت کی۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو ڈاکٹر وقار مسعو د خان نے کہا کہ ایف بی آر اور چاروں صوبائی ریونیو اتھاریٹیز  کا مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنا وزیر اعظم کا ایف بی آر کو مکمل طور پر خود کار بنانے کے ویثرن کی تکمیل کی طرف اہم پیشرفت ہے۔ مزید کہا کہ  مفاہمت کی یادداشت ٹیکس گزاروں کو سہولیات کی فراہمی  اور  کاروباری آسانی کے اعشاریہ میں بہتری کی جانب ایک اہم قدم ہے کیونکہ اب کاروباری حضرات کو مختلف سیلز ٹیکس گوشوارے داخل کرنے کی بجائے صرف ایک گوشوارہ جمع کرنا ہو گا۔ اس سے ٹیکس نظام اور طریقہ کار کو بھی مزید سہل بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر اور صوبائی ریونیو اتھاریٹیز کے درمیان دیگر تنازعات اور درپیش رکاوٹوں کو بھی جلد حل کر لیا جائے گا جس کے بعد کاروباری حضرات کے لئے کاروبار کو بڑھانا اور آسان ہو جائے گا۔چئیرمین ایف بی آر نے اس  مو قع پرمفاہمت کی یادداشت کے تحت حاصل ہونے والی سہولت اور ٹیکس نظام اور طریقہ کار میں بہتری  کے بارے میں بتایا۔
 
معاون خصوصی برائے ریونیو نے چئیرمین ایف بی آر ، تمام صوبائی ریونیو اتھاریٹیز کے ذمہ داران اور ایف بی آر کی پالیسی ونگ ٹیم کو اس سنگ میل کو عبور کرنے پر مبارک باد دی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں