پاکستان کا اعزاز، وسیم احمد اسلامک ریلیف ورلڈ وائیڈ کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر

0
295

اسلام آباد: وسیم احمد کو اسلامک ریلیف ورلڈ وائیڈ (آئی آر ڈبلیو) کا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔ وسیم احمد اس وقت آئی آر ڈبلیو کے بین الاقوامی پروگرام ڈویژن کے ڈائریکٹر ہیں، وہ تنظیم کے عا لمی سطح پرانسانی امداد کی فراہمی اور ترقیاتی کاموں کے ڈیزائن کا انتظام کرتے ہیں۔

پچھلے سال ان کی کارکردگی کی وجہ سے 40 سے زائد ممالک میں 95 لاکھ افراد کو مدد فراہم کی گئی۔ اس میں انسانی بحرانوں سے متاثرہ افراد کی زندگی بچانے کیلئے امداد، پانی اور تعلیم کے پروگرام، ماحولیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات سے نمٹنے کے لئے کمیونٹیز کی مدد کرنے والے جدید منصوبے شامل ہیں۔ وہ اب عالمی کوویڈ 19 وبائی مرض کے دوران بھی امدادی کام کر رہے ہیں۔

وہ پاکستان میں پیدا ہوئے اور سوڈان، سری لنکا، ملاوی اور صومالیہ سمیت متعدد دوسرے ممالک میں بھی رہائش پذیر ر ہے۔ انہوں نے برطانیہ کی یونیورسٹی آف بریڈ فورڈ سے پروجیکٹ پلاننگ اینڈ منیجمنٹ میں ایم ایس سی کے ساتھ ساتھ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی سے اکنامکس میں ایم ایس سی کیا ہے۔ انہوں نے بلوچستان میں پروگرام آفیسر کی حیثیت سے آئی آر ڈبلیو میں شمولیت اختیار کی تھی۔ انہوں نے پروگرام برائے فنڈنگ اینڈ پارٹنرشپ کے سربراہ کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔

وسیم احمد نے آئی آر ڈبلیو کا چیف ایگزیکٹو آٰٰفیسر۔مقرر ہونے کے بعد اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں دنیا کے غریب ترین اور انتہائی کمزور لوگوں کی زندگیوں کو بدلنے کے مشن میں عالمی سطح پر آئی آر ڈبلیو کی رہنمائی کرنے پر فخر ہے اور وہ پرجوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ دنیا کے لئے ایک نازک وقت ہے اور انسانیت کے لئے ہمارا فرض اس وقت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ ہر رات سیکڑوں لاکھوں لوگ بھوکے سوتے ہیں۔ بہت سے لوگوں کو ان کی صنف، نسل یا مذہب کی بنیاد پر امتیازی سلوک اور نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے مذید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی بدستور غریب طبقات اور ممالک کی زندگیوں اور معاش کیلئے خطرہ ہے۔ ہم دنیا بھر کی کمیونٹیز اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں تاکہ ہر ایک کے لئے ایک منصفانہ اور بہتر مستقبل فراہم کیا جاسکے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں