بلوچستان، سابقہ فاٹا کے طلباء نے اسپیکر کی یقین دہانی پر بھوک ہڑتال ختم کردی

0
33

اسلام آباد: بلوچستان اور فاٹا کے ضم شدہ اضلاع کے طلباء نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر   کی انکے مسائل کے حل کی یقین دہانی کے بعد پیر کو یہاں اپنی بھوک ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔ اجلاس کا اہتمام چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے کیا تھا جنہوں نے احتجاج کرنے والے طلباء کے مسائل حل کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

 اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیرصدارت ہوا جبکہ چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی ، صدر پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) ڈاکٹر ارشد تقی اور دیگر متعلقہ محکموں کے عہدیداران نے شرکت کی۔ 
آصف محسود نے طلباء کے وفد کی قیادت کی جبکہ عبد اللہ خان کاکڑ ، محمد سیف اللہ ، مہران خان ، باز محمد ، عبد القادر ، مطٹرم ، یٰسین ، سلمان اور راحیل وفد میں شامل تھے۔

 اسپیکر اسد قیصر نے صدر پی ایم سی کو ہدایت کی کہ وہ مستقل بنیادوں پر طلبہ کی مشکلات کے حل کے لئے بل کے مسودے پر کام کریں۔  صدر پی ایم سی نے اسپیکر کو یقین دلایا کہ ادارہ صوبائی حکومتوں سے رابطہ کرے گا اور اس مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

 شہریار خان آفریدی نے اسپیکر قومی اسمبلی کا مختصر نوٹس پر اجلاس منعقد کرنے پر اظہار تشکر کیا۔  انہوں نے طلبہ سے بھی اپنی بھوک ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کی کیونکہ معاملہ ایک ہفتے کے اندر حل ہوجائے گا۔

یقین دہانی پر طلباء نے بھوک ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا اور شہریار خان آفریدی اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات پر شکریہ ادا کیا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں