جامعہ سندھ کے میڈیا اسٹڈیز شعبے میں تربیتی ورکشاپ مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم

0
187

جامشورو: جامعہ سندھ جامشورو کے ڈیپارٹمنٹ آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز میں پاکستان پیس کلیکٹو حکومت پاکستان کے تعاون سے تربیتی ورکشاپ مکمل ہونے کے بعد تقریب تقسیم اسناد منعقد کی گئی۔

تقریب میں ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر ذوالفقار علی قریشی نے 30 طلبہ و طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔ تقریب میں ڈاکٹر ذوالفقار علی قریشی نے 30 طلبہ و طالبات کو کامیابی کے ساتھ تربیتی ورکشاپ مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور ان میں سرٹیفکیٹس تقسم کیے۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر ذوالفقار علی قریشی نے کہا کہ آجکل کامیابی کیلئے اعلیٰ تعلیم کے ساتھ متعلقہ شعبے میں مہارتوں کا حصول بھی ضروری ہے۔ مہارتوں کے بغیر کامیابی ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز کے طلبہ و طالبات کو تربیت کے بے شمار مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ عملی میدان میں کامیاب ہو سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز شعبے کا معاشرے میں اہم کردار ہے، اس لیے اس شعبے کے طلباءتعلیم کے دوران ہی عملی میدان میں قدم رکھیں اور وہ تمام مہارتیں حاصل کریں، جو ایک پیشہ ور صحافی، ویڈیو ایڈیٹر، ڈائریکٹر، فوٹوگرافی، ٹرانسمیشن آفیسر، سب ایڈیٹر یا ایک اسکرپٹ ایڈیٹر میں ہونی چاہئیں۔ ڈاکٹر ذوالفقار قریشی نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹ آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز کو ایسا شعبہ بنایا جائے گا جو نوجوانوں کو مکمل طور پر تیار کرکے مارکیٹ میں بھجوا دے تاکہ میڈیا کے اداروں میں تربیت یافتہ لوگوں کی کمی کو ختم کیا جا سکے۔ اس موقع پر فیکلٹی ممبر جان عالم سولنگی نے کہا کہ صحافت کے انداز اور پیرامیٹرز تبدیل ہو رہے ہیں، اس لیے نوجوانوں کو صحافت کے بدلتے ہوئے معیار سے ہم آہنگ کرتے ہوئے جدید خطوں پر استوار کرانے کیلئے کوششیں لے رہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ایک زمانہ تھا جب اخبارات کا بڑا رجحان تھا اور ریڈیو اور ایک پی ٹی وی چینل ہوتا تھا۔ آگے چل کر نجی چینلز اور ایف ایم ریڈیو کا دور آیا، جبکہ اس وقت صحافت میں سوشل میڈیا کا بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا سوشل میڈیا کے دور میں جہاں ہر فرد صحافی بن گیا ہے، وہاں پیشہ ور صحافیوں کی اہمیت میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی اور آج بھی وہ صحافت کے افق پر ستاروں کے بیچ چاند کی طرح نمایاں ہوکر چمک رہے ہیں۔

 انہوں نے کہا نوجوانوں کو ٹی وی اور اخبارات کی رپورٹس بنانے، پیکجز تیار کرنے، ایڈیٹنگ سیکھنے اور دیگر صحافتی معاملات پر دسترس حاصل کرنے کے ساتھ سوشل میڈیا پر بھی خبر بنانے کا فن سیکھنا ہوگا اور اس کا مختصر الفاظ میں ذمہ داری کے ساتھ استعمال کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صحافت کی دنیا میں کامیابی کا راز محنت کرنے میں ہے۔ تقریب میں محمد صدیق سومرو، لیاقت عمرانی، زلفی پنہور، وجاہت شاہ، ڈاکٹر شازیہ شیخ، نادر علی مغیری و دیگر بھی موجود تھے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں