دیکھتی آنکھوں، سنتے کانوں کو طارق عزیز کا خدا حافظ

0
10

لاہور: ٹی وی کے عہد ساز اینکر اور کمپیئر طارق عزیز انتقال کرگئے ہیں۔

طارق عزیز گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے اور آج 84 برس کی عمر میں خالق عزیز سے جاملے۔

طارق عزیز 1936 میں جالندھر میں پیدا ہوئے تھے تاہم قیام پاکستان کے بعد وہ اپنے خاندان کے ہمراہ پاکستان آگئے، انہوں نے ابتدائی تعلیم ساہیوال میں حاصل کی۔ انہوں نے ریڈیو پاکستان لاہور سے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کیا۔ جب 1964 میں پاکستان ٹیلی وژن کا قیام عمل میں آیا تو طارق عزیز پی ٹی وی کے سب سے پہلے مرد اناؤنسر تھے تاہم انہیں اصل شہرت 1975 میں پی ٹی وی کے معروف گیم شو نیلام گھر سے حاصل ہوئی جو تقریباً دس سال تک بلاتعطل جاری رہا۔ کئی سال وقفے کے بعد جب نیلام گھر دوبارہ شروع کیا گیا تو اس کا نام ’’طارق عزیز شو‘‘ رکھا گیا۔ اس طرح انہوں نے کم و بیش 40 سال تک اس پروگرام کی میزبانی کی۔
طارق عزیز نے بڑی اسکرین پر بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے، ان کی پہلی فلم “انسانیت” 1967 میں ریلیز ہوئی۔ اس کے علاوہ انہوں نے سالگرہ، قسم اس وقت کی، کٹاری، چراغ کہاں روشنی کہاں اور ہار گیا انسان میں بھی اداکاری کی۔

طارق عزیز نے سیاست میں بھی قدم رکھا،1997 کے عام انتخابات میں انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر لاہور سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 94 پر الیکشن لڑا اور کامیاب ہوئے۔ ان کے مدمقابل وزیر اعظم عمران خان بھی تھے۔ جو اس وقت اپنی سیاسی زندگی کا پہلا الیکشن لڑ رہے تھے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں