خلیل الرحمان قمر جیسے لوگ پسند نہیں جو عورتوں کو بدنام کرتے ہیں، اداکارہ سونیا حسین

0
349

کراچی: اداکارہ سونیا حسین نجی ٹی وی چینل کے پروگرام جشن کرکٹ میں شریک ہوئیں۔ جہاں انہوں نے معروف مصنف اور ہدایت کار خلیل الرحمان قمر کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

سونیا حسین نے حال ہی میں فردوس عاشق اعوان اور قادر مندوخیل کے معاملے پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو ٹی وی پر لائیو شو میں آکر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ اب جیسے خلیل الرحمان قمر صاحب ہیں وہ لائیو ٹی وی پر آکر عورتوں کے بارے میں کس طرح کی باتیں کرتے ہیں۔ مجھے ایسا لگتا ہے جب آپ ٹی وی پر ہوں تو آپ لوگوں کے بارے میں اپنے نظریات خود تک محدود رکھیں۔

اداکارہ سونیا حسین نے کہا خلیل الرحمان قمر ٹی وی پر آکر عورتوں کے بارے میں جو باتیں کرتے ہیں وہ بہت غلط ہیں اور مجھے بالکل پسند نہیں۔ میرے خیال میں خلیل الرحمان قمر  کی پڑھائی ٹھیک ہے لیکن انہیں اس بارے میں بھی پڑھنے کی ضرورت ہے کہ عورتوں کے کیا حقوق ہیں اور عورتوں کے اتنے ہی حقوق ہیں جتنے آپ مردوں کے لیے لکھتے ہیں۔

میزبان نے سونیا حسین سے کہا کہ خلیل الرحمان قمر نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ انہوں نے ڈرامہ سیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘ میں سونیا حسین کو کام کرنے کی پیشکش نہیں کی تھی کیونکہ ان کے نزدیک سونیا کا وہ کیلیبر ہی نہیں کہ وہ میرے لکھے گئے ڈرامے میں کام کرسکیں۔

اس بات پر سونیا حسین  نے کہا میں خلیل الرحمان قمر کے بارے میں بات نہیں کرنا چاہتی کیونکہ جو انسان اپنے الفاظ کے ساتھ سچا نہیں اس کے بارے میں بات کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ یہ تو آپ کو خلیل الرحمان بتائیں گے کہ انہوں نے مجھے کتنی بار اپنے پروجیکٹ میں کام کرنے کی پیشکش کی ہے اور ابھی تک کررہے ہیں۔

سونیا حسین نے مزید کہا خلیل الرحمان قمر ایک مصنف ہیں اور ان کے پاس کرداروں کو کاسٹ کرنے کا اختیار ہی نہیں۔ مجھے تو خلیل الرحمان قمر کا نام سن کر غصہ آنے لگتا ہے۔ مجھے اس طرح کے لوگ پسند نہیں ہیں جو عورتوں کو بدنام کریں۔

جبکہ گزشتہ برس سونیا حسین نے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا تھا پاکستان میں کئی ریکارڈ توڑنے اور بنانے والے ڈرامے ’’میرے پاس تم ہو‘‘میں عائزہ خان والا کردار پہلے انہیں آفر ہوا تھا لیکن انہوں نے اس ڈرامے میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔

بعدا زاں خلیل الرحمان قمر کا اس بارے میں کہنا تھا کہ جب ڈرامہ ہٹ ہوگیا تو کوئی بھی اس کے بارے میں کچھ بھی کہہ سکتا ہے میں کہتا ہوں کہ مجھے امریکا کا صدر بننے کی پیشکش ہوئی تھی لیکن میں نے منع کردیا اور کہا کہ ٹرمپ کو موقع دیں، کہنے کو تو کچھ بھی کہہ سکتے ہیں۔ ابھی سونیا حسین کو مزید محنت کی ضرورت ہے ابھی وہ اس قابلیت پر نہیں پہنچیں کہ میرا اسکرپٹ کر سکیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں