محکمہ پولیس میں سیاسی مداخلت کی انتہا

0
131

تحریر: مشتاق سرکی

ایس ایس پی ویسٹ لگنے کے خواہشمند چار امیدوار ایک دوسرے سے زیادہ طاقتور بتائے جاتے ہیں۔ چند روز قبل ایس ایس پی ویسٹ کراچی ڈاکٹر فرخ رضا کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ جس کے فوری بعد ایس ایس پی جنید شیخ نے سابق وزیر داخلہ سندھ کے گھر پہنچ کر منت سماجت کی کہ مجھے ویسٹ لگایا جائے جو حکم ہوگا وہ قبول ہے بعد ازان صوبائی وزیر اپنی توحید کمرشل والے بنگلے سے فوری طور پر ایس ایس پی جنید شیخ کو ساتھ لیکر “ادی” فریال ٹالپر کے کلفٹن آنٹی پارک والے بنگلے پر پہنچا جہاں ادی سے تمام معاملات طے پاگئے۔ اس کے بعد ادی کی جانب سے آئی جی سندھ کو حکم جاری ہوا کہ جنید شیخ کو ایس ایس پی تعینات کیا جائے۔

آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے حکم ملتے ہی جنید شیخ کا بطور ایس ایس پی ویسٹ آرڈر کروایا۔ جب یہ بات بگ باس آصف علی زرداری کو پتہ چلی تو انہوں نے وزیر اعلی سندہ سے اظہار برہمی کیا اور بغیر کچھ وضاحت سنے جنید شیخ کا آرڈر منسوخ کروا دیا۔

ذرائع کے مطابق چند روز قبل ایس پی توحید میمن کسی دوست کی سفارش سے بلاول ہاؤس میں عیادت کے بہانے بڑے صاحب سے مل چکے تھے اور بڑے صاحب نے توحید میمن کو ایس ایس پی ویسٹ لگانے کا وعدہ کیا تھا۔ تاہم بڑے صاحب نے وہ ہدایت سی ایم سندھ تک نہیں پنہچائی تھی کیوں کہ مراد علی شاہ ان دنوں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ساتھ سیلاب سے تباہ حال اضلاع کے دورے پر تھے۔

اس سے قبل وزیر اعلی سندھ ایس پی بلدیہ ٹائون کراچی کیپٹن ریٹائرڈ فیضان کو بطور ایس ایس پی ویسٹ فائنل کرچکے تھے مگر آئی جی سندھ کو ہدایت جاری نہیں کی تھی۔

جب یہ تینوں امیدوار اپنا سیاسی اثرو رسوخ استعمال کرنے کے باوجود ایس ایس پی ویسٹ کی کرسی حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے تو آخری انٹری ایس ایس پی کرائم برانچ شاہجہاں خان نے دی۔ جس کی سفارش تین روز قبل انور مجید کے بیٹے اے جی مجید نی آئی جی سندھ کو کردی۔

آئی جی سندہ کے پاس تمام امیدواروں کے نام سب طاقتور شخصیات کی طرف سے واٹس پر بھیجے گئے ہیں جس کے بعد آئی جی سندھ کے لئے یہ فیصلہ کرنا انتہائی مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن بھی نظر آ رہا ہے کہ وہ صنم کو راضی کرے یا صمد کو۔

بتایا جا رہا ہے کہ پیر کے روز بگ باس کے امیدوار توحید میمن کا بطور ایس ایس پی ویسٹ جاری ہو جائے گا اور سنا ہے کہ ایس ایس پی ویسٹ لگنے کے بعد وہ ایس ایس پی نہ صرف ملک میں بلکہ بیرون ملک بھی جلد اثاثے بنا لیتا ہے یہی وجہ ہے کہ اس پوسٹ کے لئے اتنی طاقتور شخصیات اپنا اپنا زور چلا رہی ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں