کے یو جے کی کاوشوں سے امت کے ملازمین کو تنخواہوں کے مکمل واجبات ادا کردیئے گئے

0
29

کراچی: کراچی یونین آف جرنلسٹس کی کاوشوں سے روزنامہ اُمت کے موجودہ اور سابق ملازمین کو ان کے واجبات ادا کردیئے گئے، ملازمین کو واجبات بذریعہ چیکس ادا کیے گئے ہیں۔ چیکس کی تقسیم کے یو جے کے جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی کی موجودگی میں کی گئی۔

اُمت کے مالکان اور ملازمین نے اس موقع پر کراچی یونین آف جرنلسٹس کی کوششوں کی تعریف کی اور کے یو جے کا شکریہ ادا کیا۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے روزنامہ امت کے ملازمین کو واجبات مل جانے پر مبارکباد پیش کی ہے اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

جمعے کو چیکس کی تقسیم کے موقع پر امت کے 151 موجودہ اور سابق ملازمین کے چیکس تیار تھے جس میں بڑی تعداد کراچی سے تعلق رکھنے والے صحافیوں اور اخباری کارکنوں کی تھی اس موقع پر موجود 91 افراد میں چیکس تقسیم کیے گئے۔ اُمت کی انتظامیہ کے مطابق باقی افراد کو ان کے شہروں میں چیکس پہنچادیئے جائیں گے۔ اُمت کے ملازمین کو واجبات کی ادائیگی کے معاملے پر کراچی یونین آف جرنلسٹس نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔

کے یو جے امت کے مالکان کے مابین ناصرف مصالحت کار بنی بلکہ انہیں ایک تحریری معاہدے پر بھی لے کر آئی جس پر کے یو جے کے جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی نے بطور گواہ دستخط کیے تھے۔ اسی معاہدے کے تحت امت کے ملازمین کو واجبات کی ادائیگی کا سلسلہ شروع ہوا اور 3 نومبر 2021 کو پہلی ادائیگی کی گئی۔

یاد رہے کہ واجبات کی ادائیگی امت اخبار کے مالک رفیق افغان کی وصیت کے مطابق راولپنڈی میں واقع پلاٹ بیچ کر کی گئی ہے، جس کا زربیعانہ ملنے پر ملازمین کو ابتدائی رقم کے چیکس دیئے گئے تھے اور اب باقی ماندہ رقم مل جانے پر باقی 70 فیصد واجبات بھی ادا کردیئے گئے۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے روزنامہ امت کی ذیلی کمپنی جس کے اکاونٹ میں پلاٹ کی فروخت سے حاصل کردہ رقم جمع ہونا تھی اس کے ایس ای سی پی میں رکے ہوئے معاملات سے لے کر بنک اکاونٹ ایکٹو کرانے تک میں بھی اپنا کردار ادا کیا۔ منگل کو مکمل واجبات کی ادائیگی ہوجانے پر امت کے ملازمین نہایت خوش نظر آئے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کراچی یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی نے کہا کہ یہ ایک خوشی کا موقع ہے کہ امت کے ملازمین کو ان کے مکمل واجبات ادا ہوگئے ہیں اور اس سلسلے میں جن افراد نے بھی مثبت کردار ادا کیا کے یو جے ان کی شکرگزار ہے۔

فہیم صدیقی نے کہا کہ واجبات کی ادائیگی کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہوجانے کے بعد کراچی یونین آف جرنلسٹس امت کی انتظامیہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کے معاملے پر بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور ملازمین کو تنخواہیں وقت پر ادا کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ امت اخباری صنعت کا وہ واحد اخبار ہے جو اپنی سرکولیشن سے اپنے اخراجات پورے کرتا ہے ادارے سے وابستہ ہر شخص کو چاہئے کہ وہ خود کو رفیق افغان سمجھے اور ادارے کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے، انہوں نے اس موقع پر امت کی کور کمیٹی اور ایمپلائز یونین کے کردار کی بھی تعریف کی جن کا واجبات کی ادائیگی کے معاملے میں زبردست کردار رہا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں