جامعہ کراچی کے باہمت سیکورٹی گارڈ کا ایم فل مکمل، 16 گریڈ کے لیکچرار مقرر

0
443

کراچی: جامعہ کراچی کے باہمت سیکورٹی گارڈ اختر نواز خٹک نے ایم فل مکمل کرلیا۔ اختر نواز نے دوران گارڈ اپنی ملازمت کی مناسبت سے شعبہ جرمیات میں اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ناعمہ سعید کی نگرانی میں اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے موضوع پر تحقیقی مقالہ لکھ کر ایم فل ڈگری حاصل کی ہے۔

جامعہ کراچی میں سیکورٹی ملازم اختر نواز خٹک نے ایم فل مکمل کر لیا ہے جن کو 21 ستمبر 2022 کو لیٹر جاری کیا گیا جس کے بعد آفیسرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر حسان اوج نے انہیں مبارک باد بھی پیش کی اور ان کی محنت کو سراہا ہے۔

خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے اختر نواز خٹک نے نجی ٹی وی کو دیئےگئے انٹرویو میں بتایا کہ جب ان کی نوکری لگی تو وہ صرف میٹرک پاس تھے اور انہیں بات کرنے کا کوئی خاص ڈھنگ بھی نہیں تھا لیکن پڑھنے کا شوق اور لگن دل میں تھی جس کی وجہ سے کراچی یونیورسٹی میں سکیورٹی گارڈ کی نوکری کے ساتھ ساتھ تعلیم کا سفر بھی جاری رکھا۔

جامعہ کراچی شعبہ سیکورٹی کے ملازم اختر نواز خٹک کو 2009 میں انٹرمیڈیٹ تعلیم کی بنیاد پر سیکورٹی گارڈ بھرتی کیا گیا تھا۔ اس دور میں ڈاکٹر خالد عراقی سیکورٹی ایڈوائزر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے ،جس کے بعد اختر نواز خٹک نے ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ گریجویشن کیا۔

اختر نواز نے بتایا کہ جب میرا ایم فل میں داخلہ ہوا تو میں نے اپنی نوکری رات میں کرائی کیونکہ صبح میں ایم فل کی کلاسز لینی ہوتی تھی، دو سے ڈھائی سال تک رات میں نوکری کی اور اس دوران گھر والوں نے بھی میرا بھرپور ساتھ دیا۔ جب ایم فل مکمل ہوا تو ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ نے کہا ہمارے لیے ٹیچنگ کریں، شروع میں تو بہت عجیب سا لگا لیکن پوری تیاری کے ساتھ ٹیچنگ کا آغاز کیا اور ان شاء اللہ پی ایچ ڈی بھی مکمل کروں گا، ایم فل کے بعد جامعہ کی انتظامیہ نے قوانین کے مطابق مجھے گریڈ 16 کا لیٹر دے دیا ہے اور امید ہے اب تنخواہ بھی بڑھے گی کیونکہ الاؤنس ملے گا۔

اختر نواز خٹک کا کہنا ہے کہ 2014 سے اب تک جامعہ کراچی میں 14 اگست کی پرچم کشائی کی تقریب میں وائس چانسلرز کے ہمراہ فلیگ ہوسٹنگ میرے ہی ذمہ ہوتی ہے خالد محمود عراقی صاحب کے دور میں بھرتی ہوا تھا آج وہ وائس چانسلر ہیں یقیناً انہیں بھی میرے بارے میں سن کر خوشی ہو گی-

دس افراد کے کنبے کی کفالت کرنے والے باہمت ذی شعور اور تعلیم یافتہ سیکورٹی گارڈ اختر نواز نے بتایا کہ انہوں نے اپنا تھیسز اسٹریٹ کرائمز، اس کی وجوہات اور اس کے تدارک پر کیا ہے اگر انسان میں لگن اور کچھ کرنے کی جستجو ہو تو پھر کوئی بھی چیز ناممکن نہیں ہے۔ اسٹریٹ کرائم کو روکنے کی اختیار کی گئی حکمت عملی کے موضوع پر تحقیق کر کے ایم فل کی ڈگری لینے والے اختر نواز خٹک کا کہنا ہے کہ میں 4 بہنوں کا اکلوتا بھائی ہوں۔ میری الحمد اللہ 5 بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں