کے یو جے کی سندھ حکومت سے صحافی ہریش کمار کی فوری مدد کی اپیل

0
33

کراچی: کراچی یونین آف جرنلسٹس نے سندھ حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹٹنڈو الہ یار کے سینئر صحافی ہریش کمار سامی کے علاج کے اخراجات برداشت کرے اور ان کے اہلخانہ کی مالی مدد بھی کرے جو ہریش کمار کی مسلسل بیماری کی وجہ سے فاقوں کا شکار ہیں۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر شاہد اقبال اور جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کے حلقہ انتخاب سے تعلق رکھنے والے ہریش کمار سامی حیدر آباد میں تیس سال مختلف سندھی اخبارات اور نیوز چینلز میں کام کرتے رہے جن میں روزنامہ کاوش، تعمیر سندھ، ہلچل، خبرون، مہران ٹی وی اور اسرو نمایاں ہیں ہریش کمار کی خبریں معاشرے کے تلخ اور حساس پہلوؤں کی عکاسی کرتی تھیں لیکن آج وہ خود ایک تلخ حقیقت بن کر رہ گئے ہیں 2 سال پہلے ہریش کمار کو شوگراور پھیپھڑوں کی تکلیف ایسی بڑھی کہ اُن کا صحافتی ذمے داری ادا کرنا مشکل ہوگیا بروقت علاج نہ ہونے کی وجہ سے ہریش کمار کا جگر اب مکمل طور پر خراب ہوچکا ہے اور گردوں نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اطلاعات کے مطابق ہریش کمار کی بیماریوں سے تنگ آکر اخبارات اور ٹی وی چینلز نے ان پر ملازمت کے دروازے بند کردیئے ہیں نوبت فاقوں تک پہنچی تو ہریش کمار حیدرآباد کے مختلف مقامات پر لوگوں کے سامنے ہاتھ پھیلاتے ہوئے بھی پائے گئے علاج کے بھاری اخراجات سے تنگ آکر گزشتہ 2 ماہ سے ہریش کمار نے خود کو اپنے ہی گھر واقع ٹنڈو الہ یار میں قید کرلیا ہے جہاں ایک طرف وہ خود زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں تو دوسری طرف ان کے 8 بچے اور اہلیہ فاقہ کشی کا شکار ہیں۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن سے اپیل کی ہے کہ وہ چونکہ خود اس وقت اپنے حلقہ انتخاب میں ہی موجود ہیں اور ہفتے کو ٹنڈو جام میں پریس کانفرنس بھی کریں گے ان کیلئے موقع ہے کہ وہ ہریش کمار کی مدد کرکے ناصرف نیکی کمائیں بلکہ اپنی وزارت کی ذمے داری بھی ادا کریں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں