زیبرے اور گدھے

0
168

تحریر: مدثر غفور

اس تحریر کا اسٹیل مل ملازمین کی موجودہ صورتحال سے کوئی تعلق نہیں مماثلت اتفاقاً ہوسکتی ہے۔

جنگل میں زیبروں کا ایک محنتی گروپ رہتا تھا۔ جنگل کی بقا اور بہتری کے لئے ہر وقت یہ گروپ سرگرم رہتا ہر کسی کی مدد کرتا جنگل میں رہنے والے تمام باسی اس گروپ کی قدر کرتے اور اس سے بہت محبت کرتے۔

جنگل پر آفت آپڑی کچھ بھیڑیوں نے جنگل میں رہنے والوں کا جینا دوبھر کردیا۔ جنگل کے بھی کچھ قائدے قانون ہوتے ہیں لیکن بھیڑیوں کی اپنی فطرت۔ کوئی قائدہ قانون ماننے کو تیار نہ تھے جنگل میں ظلم و ستم ناانصافی اور افرا تفری کا دور دورہ ہوگیا۔

جنگل کے باسیوں نے ناچار مدد کے لئے ہر بار کی طرح پھر زیبروں کے اس گروپ سے مدد مانگی کہ بھیڑیوں کے ظلم و ستم کو روکنے کی سبیل کریں۔

زیبروں کے اس پُرعزم گروپ میں ایک بوڑھا زیبرا بھیڑیوں سے مقابلے کے لئے تیار نہ ہوا وہ جوان زیبروں کے بر عکس فطرطً بزدل واقع ہوا اور جوان زیبروں کی حوصلہ افزائی کے بجائے ڈرانے کی کوشش کرتا رہا کہ بھیڑیوں سے مقابلہ کرنا عقل مندی نہیں پر جوان زیبرے ڈٹ گئے اور متحد ہوکر پہلے حملے میں بھیڑیوں کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔

جنگل کے چند گدھے زیبروں کی بہادری سے بہت متاثر ہوئے پر انھیں معلوم تھا کہ وہ زیبرا نہیں بن سکتے انھوں نے اپنا بھرم قائم کرنے کے لئے زیبرے جیسی صورت اختیار کرنے کی ٹھانی اور اپنے جسموں پر رنگ سے زیبرے کی مانند پٹیاں بنوالیں۔ زیبروں میں شامل ہونے کے لئے ایک عیار لومڑ کی خدمات حاصل کرلیں جو گدھوں کو زیبرا بنا کر پیش کر رہا تھا۔

پر نقل کے لئے بھی عقل چاہیۓ۔ رنگ ابھی کچا تھا کہ جنگل میں بارش شروع ہوگٸی اور رنگ اترنے لگا۔ گدھوں نے رنگ اُترنے سے بچنے کے لئے بھیڑیوں کے سائبان میں پناہ لی پر انھیں پتہ نہیں تھا کہ بھیڑیوں کا سائبان نا پائیدار ہے خود انھیں بھی وقت پڑنے پر بھیگنے سے نہیں بچا پاتا۔

سو گدھوں کا رنگ اتر گیا اور جنگل واسیوں کو پتا چل گیا کہ زیبروں کی شکل اختیار کرنے والے اصل میں خالصتاً گدھے ہیں اور انھیں گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ گدھے کبھی بھی زیبرے نہیں بن سکتے۔

رہا وہ فارغ بوڑھا زیبرا جسے اس کی بزدلی اور سازشی طبیعت کے باعث زیبروں نے اپنے گروہ سے نکالا تھا۔ اسے گدھوں نے اپنا سربراہ بنالیا وہ نہ زیبروں میں رہا نہ گدھوں میں۔ ‘یعنی دھوبی کا کُتا گھر کا نہ گھاٹ کا’۔

مورال: زیبرے کی ایک دن کی زندگی گدھے کی سو سالہ زندگی سے بہتر ہے۔ گدھا گدھا ہی رہتا ہے زیبرا نہیں بن سکتا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں