وزیر خارجہ مخدوم کی مشہد میں آستان قدس رضوی کے متولّی، حجتہ الاسلام و المسلمین احمد مروی سے ملاقات

0
100

اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی مشہد میں آستان قدس رضوی کے متولّی، حجتہ الاسلام و المسلمین احمد مروی سے ملاقات۔ ملاقات میں ایران میں تعینات پاکستانی سفیر “رحیم حیات قریشی” اور مشہد میں پاکستانی قونصل جنرل بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ اس ملاقات میں موجود تھے۔

دوران ملاقات تحفظ حرمت رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم، اتحاد بین المسلمین سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال کیا گیا۔ متولی آستان قدس رضوی، حجتہ السلام جناب احمد مروی نے وزیر خارجہ کو مشہد مقدس میں خوش آمدید کہا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، ایک نظریاتی ملک ہے۔ حرمت رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا تحفظ ہمارے ایمان کا مرکز و محور ہے۔ اس کڑے وقت میں مسلم امہ کی نظریں علماء کی طرف دیکھ رہی ہیں اور مسلم امہ کے علماء کو، بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کے رحجان کی حوصلہ شکنی اور حرمت رسول کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ مجھے خوشی ہے کہ ایرانی قیادت نے ناموس رسالت مآب صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے تحفظ کیلئے، عالمی سطح پر، ہمارے ساتھ  مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

وزیرخارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسئلے پر پاکستانی موقف کی مسلسل حمایت پر ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں پاکستانی زائرین کو فراہم کی جانیوالی خصوصی سہولیات پر، ایرانی حکومت اور قیادت کا شکرگزار ہوں۔

 وزیر خارجہ نے حجتہ السلام جناب احمد مروی کو حکومت پاکستان کی وضع کردہ” زائرین پالیسی “کے خدو خال سے آگاہ کیا اور پاکستان سے ہر سال ھزاروں کی تعداد میں زائرین،آئمہ کرام کی مقدس زیارات کے لیے آتے ہیں۔ ہماری حکومت نے پہلی مرتبہ زائرین کو درپیش تکالیف کے ازالے کیلئے ایک مربوط اور جامع پالیسی مرتب کی اور زائرین کی سفری سہولیات سے لیکر، ان کی رہائش اور صحت انشورنس کو بھی “زائرین پالیسی” کا حصہ بنایا گیا ہے۔

متولّی ء آسان  قدس رضوی حجتہ السلام احمد مروی نے زائرین کی سہولت کیلئے جامع پالیسی کے اجراء پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، زائرین کو سہولیات کی فراہمی کیلئے حکومت پاکستان کے عملی اقدام کو سراہا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں