سعودی عرب میں پہلی تراویح ادا، سب سے بڑا اجتماع، مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں استقبال رمضان کی تیاریاں مکمل

0
126

مکہ مکرمہ: سعودی عرب کی تمام مساجد میں نماز تراویح ادا کی گئی جبکہ سب سے بڑا اجتماع مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف میں ہوا جس میں 10 لاکھ سے زائد زائرین نے شرکت کی، مسجد الحرام میں آمد ورفت کو منظم اور محفوظ بنانے کے لیے روٹس کی تنظیم نو کی گئی ہے۔

ادھر سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ کورونا کے حوالے سے غیر ویکسین شدہ افراد کو بھی مسجد حرام اور مسجد نبوی میں نماز ادا کرنے کی اجازت ہے۔ شرط یہ ہے وہ خود کرونا کے مریض ہوں نہ ہی کسی متاثرہ شخص کے رابطے میں ہوں۔

ایسے افراد ‘نُسک’ ایپ کے ذریعے عمرہ کرنے کے لیے پرمٹ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ سعودی محکمہ امن عامہ کے ڈائریکٹر محمد البسامی نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ عمرہ زائرین مسجد الحرام میں داخلے کے دوران ماسک کا استعمال کریں۔ مقامی شہری اور مقیم غیر ملکی ٹرانسپورٹ اور امن و سلامتی برقرار رکھنے میں سیکیورٹی فورس سے بھرپور تعاون کریں۔

ڈائریکٹر سعودی محکمہ امن عامہ کا کہنا تھا کہ عمرے کے لیے زائرین توکلنا اور نسک ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ حاصل کریں، مطاف کا پورا صحن عمرہ زائرین کے لیے مختص کردیا گیا ہے، مسجد الحرام کی پہلی منزل، تیسری سعودی توسیع والی عمارت اور بیرونی صحن نمازیوں کے لیے مختص کیا گیا ہے، مسجد کی چھت بھی اس سال نماز کے لیے کھول دی گئی ہے، رمضان کے پہلے روزے سے عمرہ سیکیورٹی اسکیموں پر عمل درآمد شروع کردیا جائے گا، رمضان المبارک میں اعتکاف کرنے والوں کے استقبال کی تیاری بھی مکمل کرلی گئی ہے۔

سربراہ حرمین شریفین انتظامیہ شیخ السدیس کا کہناتھا کہ مسجد الحرام میں اعتکاف کے 2500 مقامات تیار کئے گئے ہیں، ماہ مبارک کے آپریشنل پلان کے مطابق اس سال اعتکاف میں بیٹھنے کے لیے 2500 مقامات کافی ہوں گے۔

الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے بتایا کہ آخری عشرہ میں مردوں کے لیے شاہ فہد کا توسیعی تہہ خانہ، مردوں اور عورتوں کے لیے تیسری سعودی توسیع میں پہلی منزل کے پیچھے اور درمیان میں ہال تیار کیے گئے ہیں۔ رمضان المبارک کے آخری دس روز اعتکاف بیٹھنے والوں کو باہر نکلنے تک ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

ادھر مسجد نبوی کے اندر قالین 100 فی صد فرنشڈ کیے گئے ہیں۔ صحن اور چھت زائرین اور نمازیوں کی تعداد کے مطابق آراستہ کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ نماز گاہوں کی تیاری اور زائرین کو قرآن اور آب زمزم کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ مسجد کے تمام بیت الخلا اور دیگر سہولیات کو چوبیس گھنٹے فعال رکھا جا رہا ہے۔

مسجد نبوی میں یکم رمضان سے 19 رمضان تک ریاض الجنہ میں نماز کے لیے پرمٹ کے نئے شیڈول کا اعلان کیاگیاہے، مسجد نبوی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یکم رمضان سے ریاض الجنہ میں داخلے کا نیا شیڈول بنایا گیا ہے۔ زائرین کو رات اڑھائی بجے سے فجر کی نماز اور صبح ساڑھے 11 سے عشاء تک کے لیے پرمٹ جاری ہوں گے، زائر خواتین کو ریاض الجنہ میں داخلے کے پرمٹ نماز فجر کے بعد سے صبح 11 بجے تک اور رات 11 بجے سے دو بجے تک کے لیے جاری ہوں گے۔ انتظامیہ ریاض الجنہ میں جانے کے لیے زائرین گیٹ نمبر 37 کے سامنے جنوبی صحنوں کے دروازوں سے داخل ہوں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں