ضمنی انتخابات میں پی ڈی ایم کی کامیابی عوام اور جمہوریت کی کامیابی ہے، یوسف رضاگیلانی

0
32

لاہور: سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ایک حقیقت ہے، ضمنی انتخابات میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ جماعتوں کی کامیابی جمہوریت کی کامیابی ہے۔

احتساب عدالت کے باہر سابق وزیر اعظم  یوسف رضا گیلانی  نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے  اپوزیشن لیڈر  سےملاقات کی، نون لیگ کی حمایت پر ان کا مشکور ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ اختر مینگل اور فضل الرحمان سے بھی ملاقات ہوئی ہے۔ ہم نے ماضی بھول کر آگے بڑھنے کی بات کی، میثاق جمہوریت کیلئے ماضی میں بھی اکھٹے ہوئے تھے آج بھی ساتھ ہیں۔ ہارس ٹریڈنگ کی مذمت کرتے ہیں، حکومت نے میری نا اہلی کیلئے کوششیں کیں، کامیابی جمہوری قوتوں کی ہی ہوگی۔ آرڈیننس کے ذریعے جو ترمیم کر رہے ہیں وہ سب کے سامنے ہے۔

اس سے قبل  سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی لاہور کی احتساب عدالت پہنچے جہاں انہوں نے اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف سے اہم  ملاقات کی۔ یوسف رضا گیلانی نے میاں شہباز شریف کے صاحبزادے اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر رہنما پیپلز پارٹی اور مشترکہ پی ڈی ایم امیدوار  یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ انتخابات سے متعلق ْ شہباز شریف سے مشاورت بھی کی۔ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی جاتی امراء میں مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز سے بھی ملاقات کریں گے۔

واضح رہے کہ لاہور کی احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت کے سلسلے میں آج صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کو پیش کیا گیا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں