اینٹی کرپشن کی بڑے رفاعی پلاٹ پر تجارتی سرگرمیوں کی تحقیقات میں تیزی

0
109

کراچی: صوبائی اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کراچی شہر کے ایک بڑے رفاعی پلاٹ پر تجارتی سرگرمیوں کے حوالے سے تحقیقات میں تیزی آ گئی ہے۔

دستاویزات کے مطابق مذکورہ کیس کی تحقیقات کے تحقیقاتی افسر انسپیکٹر کامران میمن نے اعلیٰ حکام کو تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے تحریر کیا ہے کہ 1996 میں کے ایم سی نے اورنگی ٹاؤن میں 24,200 مربع گز اراضی رفاہی تنظیم پاک میڈیکو انٹرنیشنل ویلفیئر ایسوسی ایشن کو رفاہی کاموں کے لیے فراہم کی۔ بعد میں 2019 میں مبینہ طور پر پاک میڈیکو نے غیر قانونی طور پر وقف ڈیڈ کے تحت سفیر ویلفیئر ایسوسی ایشن کو 2 کروڑ 75 لاکھ میں فروخت کر دی۔ اس پر کے ایم سی نے اعتراض اٹھایا کہ لیز وقف ڈیڈ اور سیل ڈیڈ غیر قانونی تھی اور قطعہ اراضی خالصتأ مفت اسپتال، اسکول اور اولڈ ایج ہاؤس کے لیے فراہم کی گئی تھی مگر سفیر انٹرنیشنل نے اس پر تجارتی سرگرمیاں شروع کردیں۔

مذکورہ اراضی پر ایک پرائیویٹ اسمارٹ اسکول چلانے لگا۔ نہ صرف یہ بلکہ کمرشل بنیادوں پر اسپتال اور ایک لیبارٹری بھی قائم کر دی گئی۔ اولڈ ایج ہوم کے کمرے بھی کم کرکے ان پر دیگر تجارتی سرگرمیاں شروع کر دیں گئی۔ اولڈ ایج ہوم میں ضعیف افراد کی تعداد بھی صرف تین چار رہ گئی اور ان ضعیف افراد پر بھی کوئی خاص توجہ نہیں دی جاتی، اس کی وجہ سے گزشتہ دنوں ایک ضعیف شخص ایڑیاں رگڑ رگڑ کر فوت ہو گیا اور اس کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی۔

ڈائریکٹر جرنل سندھ سوشل ویلفیر نے سفیر انٹرنیشنل کے رجسٹریشن جعلی اور بوگس قرار دی اور اس کی رجسٹریشن کی منسوخی کا اشتہار بھی ‘جنگ’ اخبار میں شائع کروایا۔ اس اسکینڈل کے حوالے سے سفیر انٹرنیشنل کے روح رواں عرفان قریشی نے تصدیق کی کہ اینٹی کرپشن ان کے ادارے کے خلاف تحقیقات کر رہی ہے اور مزید کہا کہ انہوں نے اس تحقیقات کے حوالے سے اعلیٰ عدالت میں آئینی درخواست دائر کر دی ہے۔

چیئرمین اینٹی کرپشن عثمان غنی کا کہنا تھا کہ ‘ان کے علم میں ایسی کوئی تحقیقات نہیں’ ڈائریکٹر آفس سے معلومات حاصل کریں۔ ڈائریکٹر فضل عباسی کا پہلے یہ کہنا تھا کہ وہ معلومات کرکے کال بیک کریں گے مگر ان کی کال نہیں آئی۔ دوبارہ کال کرنے پر ان کا میسج آیا کہ میں رخصت پر ہوں اور سعودی عرب میں ہوں۔ تفتیشی افسر کامران میمن کا کہنا تھا کہ تحقیقات بند نہیں ہوئی ہیں اور تفتیش تیزی سے جاری ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں