کے یو جے کی سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ ارسلان خان کی گرفتاری کی مذمت

0
33

کراچی: کراچی یونین آف جرنلسٹس نے سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ ارسلان خان کی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہاتھوں گرفتاری کی سخت الفاظ میں شدید مذمت کی ہے اور ارسلان کی گرفتاری کو آزادی اظہار رائے کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر شاہد اقبال اور جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ارسلان خان ایک سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ ہیں، جنہیں جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب کلفٹن میں واقع ان کی رہائشگاہ سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار گھر پر چھاپہ مار کر اپنے ہمراہ لے گئے۔ ارسلان خان کی اہلیہ کے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان کے مطابق چھاپہ مارنے والے رینجرز کے اہلکار تھے اور انہوں نے اہلخانہ کو بھی کلاشنکوف کے نشانے پر لے لیا تھا۔ اہلیہ کے مطابق ارسلان کی گرفتاری کی وجہ معلوم کرنے پر انہیں بتایا گیا کہ ارسلان کو ان کے سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ ہونے کی وجہ سے گرفتار کیا جارہا ہے۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے ارسلان خان کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور اسے ملکی آئین میں دی گئی، شہری آزادی اور اظہار رائے کی آزادی کے خلاف قرار دیا ہے۔

بیان میں آرمی چیف، چیف جسٹس آف پاکستان، وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ارسلان خان کی غیر قانونی گرفتاری کا فوری نوٹس لیں اور انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں