چائنا کپمنی اگلے سال سے دنیا کی سب سے بڑی ونڈ ٹربائن کے پروٹوٹائپ کی آزمائشیں شروع کرے گی

0
114

بیجنگ: چینی کمپنی ’’مِنگ یانگ اسمارٹ انرجی‘‘ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اگلے سال سے دنیا کی سب سے بڑی ونڈ ٹربائن کے پروٹوٹائپ کی آزمائشیں شروع کرے گی جسے 2024 ءتک تجارتی پیمانے پر فروخت کےلیے پیش کردیا جائے گا۔ یہ وِنڈ ٹربائن ساحل سے دور سمندر میں نصب کی جائے گی۔

مائی ایس ای 16.0-242 (MySE 16.0-242) کہلانے والی یہ ونڈ ٹربائن 242 میٹر (794 فٹ) بلند ہوگی اور سالانہ 80 گیگاواٹ آور کی شرح سے بجلی بناسکے گی۔

آسان الفاظ میں اس کا مطلب یہ ہوا کہ یہ 25 سال تک اتنی بجلی پیدا کرسکے گی کہ جو 20 ہزار گھروں کی ضروریات پوری کرنے کےلیے کافی ہوگی۔

فی الحال دنیا کی سب سے بڑی وِنڈ ٹربائن کا اعزاز امریکا کی ’’ہیلی ایڈ ایکس‘‘ کے پاس ہے جسے ’’جنرل الیکٹرک‘‘ نے تیار کیا ہے۔ 853 فٹ اونچی یہ ونڈ ٹربائن 2023 تک مکمل ہوگی جس کی ہر پنکھڑی یعنی ’’بلیڈ‘‘ کی لمبائی 107 میٹر (351 فٹ) ہوگی۔

اس کے مقابلے میں چینی کمپنی منگ یانگ کی ونڈ ٹربائن کی اونچائی ضرور کم رکھی جائے گی لیکن اس کا ہر بلیڈ 118 میٹر (387 فٹ) لمبا ہوگا، جو ہیلی ایڈ ایکس ونڈ ٹربائن بلیڈ سے 11 میٹر زیادہ لمبا ہوگا۔

کمپنی پریس ریلیز کے مطابق، جب ونڈ ٹربائن کے تینوں بلیڈ گھومنا شروع کریں گے تو یہ مجموعی طور پر 46 ہزار مربع میٹر کا رقبہ گھیریں گے جو فٹبال کے چھ میدانوں سے بھی زیادہ بڑا ہوگا۔

دلچسپی کی بات یہ ہے کہ منگ یانگ کمپنی کی پچھلی سب سے بڑی وِنڈ ٹربائن (MySE 11.0-203) کی نسبت یہ ونڈ ٹربائن اگرچہ صرف 19 فیصد بڑی ہوگی لیکن یہ متوقع طور پر اس کے مقابلے میں 45 فیصد زیادہ بجلی بنانے کے قابل ہوگی۔

نئی ونڈ ٹربائن کو نہ صرف سمندر کے بیچوں بیچ کوئی مضبوط ستون گاڑ کر نصب کیا جاسکے گا، بلکہ ضرورت پڑنے پر یہ کسی تیرتے ہوئے وسیع پلیٹ فارم پر بھی لگائی جاسکے گی۔

واضح رہے کہ چین اس وقت دنیا میں ہوا سے بجلی بنانے والا سب سے بڑا ملک ہے جس نے 2020 میں کورونا وائرس کے باوجود ہوا سے بجلی کی پیداوار (وِنڈ انرجی پروڈکشن) میں 71.6 گیگاواٹ کا اضافہ کرتے ہوئے اسے 281 گیگاواٹ تک پہنچایا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں