آہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بہت یاد آؤ گے صاحب

0
160

تحریر: احسان یونس

استاد اتنا اچھا اخبار بناتے تھے آپ۔۔۔۔۔ جیسا ‘وضاحت اخبار’ آپ نے بنایا ہے۔۔۔۔۔ ویسے کوئی اور بنا نہیں پا رہا۔۔۔۔۔ آپ چھوڑو رکشہ واپس آ جاؤ دفتر ‘وضاحت اخبار’ بھی بنانا۔۔۔۔۔ساتھ میں کوئی روزنامہ بھی پکڑ لینا اچھی آمدن کا سلسلہ شروع ہو جاۓ گا اور آپ مسائل سے بھی نکل جاؤ گے یہ میرے متوفی فہیم مغل کو بولے جانے والے آخری الفاظ تھے جس کا جواب ایک لمبی آہ کے بعد انہوں نے دیا کہ بیٹا ایک دو دن رک جا میں تجھے بتاؤں گا، مجھے کوئی فیصلہ کرنے میں ابھی بہت مشکل ہو رہی ہے میں مسائل میں گھرا ہوا ہوں۔ کوئی بھی ادارہ کام نہیں دے رہا رکشہ چلتا کم خراب زیادہ ہوتا ہے، پیٹرول مہنگا ہو گیا ہے سواری کو پیسے زیادہ بتاؤ تو رکشے میں بیٹھتی نہیں ہے، مشکل سے دن بھر گدھا مزدوری کے بعد 800 یا ہزار روپے ہاتھ آتے ہیں، جس میں سے آدھے پیسے اگلے دن صبح رکشے کے پیٹرول کے لئے رکھ لیتا ہوں، آدھے پیسوں سے 8 افراد کا پیٹ پالتا ہوں، گھر میں گھستا ہوں تو غلطی سے بھی بل زیادہ آ جانے کے ڈر سے بلب جلانے کی غلطی نہیں کرتا، غربت کی جس ٹوکری کو سر پر اٹھاۓ گھوم رہا ہوں اس نے جوانی میں ہی مجھے بوڑھا کر دیا ہے، پانچ بیٹیاں ہیں ایک بیٹا ہے ان کے مستقبل کا سوچتا ہوں تو حالات اندھیروں کی سرنگ میں مجھے گم کر دیتے ہیں، بچوں کے مستقبل کی سوچ لئے آنکھ اشکوں کا سمندر بنی رہتی ہے، پتا نہیں کب مسائل سے آزادی حاصل ہو گی اور تو فہیم مغل کے ہاتھ سے دوبارہ ‘وضاحت اخبار’ بنوا پاۓ گا۔

چار ماہ قبل ادارہ وضاحت نیوز سے اپنی ذاتی مصروفیات کا بہانہ بنا کر کام چھوڑ جانے والے پاکستان کے بڑے سے بڑے اخبارات و پروڈکشن ہاؤسز میں اپنے کام کا لوہا منوانے والے اخبار میکر فہیم مغل کے 20 روز قبل بولے جانے یہ الفاظ ابھی ذہن سے اترے نہ تھے کہ گزشتہ رات یہ خبر سامنے آ گئی کہ فہیم مغل نے خودکشی کرلی ہے۔

خبر پڑھنے کے بعد سے سمجھ نہیں آ رہا نوحہ کروں یا مرثیہ لکھوں، فہیم مغل کی خُود کشی کی خبر نے اندر سے توڑ کر رکھ دیا ہے، یہ لکھتے ہوئے کلیجہ منہ کو آتا ہے کہ فہیم بھائی آپ نے ٹھیک نہیں کیا۔۔۔۔۔ آپ نے دو دن کے مانگے گئے وقت کو بہت طویل کر دیا ہے۔۔۔۔ آپ کا تکیہ کلام تھا بہت یاد آئو گے۔۔۔ آج میں کہ رہا ہوں’فہیم بھائی بہت یاد آؤ گے’۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں