یرغمالِ پاکستان، یہ ہی ہے نیا پاکستان؟

0
239

تحریر: سیدہ فرحت العین


نئے پاکستان کے نام پر خواب بیچنے والے ان سوداگروں نے میرے وطن عزیز پاکستان اور میری قوم کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ میری تو سمجھ سے بالاتر ہے آخر ہم کب تک خود کو مفلوج ظاہر کرکے اپنی تقدیر کے فیصلے ان نام نہاد بےلگام بے غیرت و بے ضمیر حاکموں سے لکھواتے رہیں گے؟
آخر ہم کب تک خود کو اور اپنی آنے والی نسّلوں کو ملک پر راج کرنے والے سفاک قاتلوں کی غلامی کی بھینٹ چڑھاتے رہیں گے؟
آخر ہم کب تک اپنے معذور ہاتھوں میں کشکول لئے اپنا حق بھی بھیک کی طرح مانگتے رہیں گے؟
آخر ہم ظلم کے خلاف آواز بلند کیوں نہیں کرتے؟
ہم کیوں خود کو اس سسٹم سے الگ نہیں کرتے؟
جہاں دین و ریاستِ مدینہ کے نام پر سیاست چمکائی جارہی ہے۔ جہاں میرے پیارے نبیؐ اور صحابہ کرامؓ کی مثالیں گستاخانہ انداز میں پیش کرکے میرے دین کی بےحرمتی کی جارہی ہے۔ جہاں اسلامی جمہوریہ پاکستان میں آزادی کے نام پر بے حیائی اور بےغیرتی کو عام کیا جارہا ہے۔ جہاں اسلام کے نام پر حاصل کئے جانے والے میرے پیارے وطن کو سود کے نام پر متواتر گرِوی رکھا جارہا ہے۔ جہاں روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائ کے باعث زندگی کو مہنگا ترین کرکے موت کو آسان بنایا جارہا ہے۔ جہاں غریب ماں باپ کو خود بھوک سے تڑپتے بلکتے سسکتے معصوموں اپنے ہی گوشہ جگر کو موت کے گھاٹ اُتار نے کے بعد خود کشی کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ جہاں ٹیکس کے نام پرغریب کے منہ سے نوالہ چھین کر اپنی بےغیرت بھری عیاشیاں پوری کی جارہی ہیں۔ جہاں مستقبل کے معماروں کی آنکھوں سے روشن پاکستان کے خواب نوچے جارہے ہیں۔ جہاں انصاف کے نام میرے ملک کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے۔
کیوں آخرکیوں۔۔۔؟؟؟ کیا یہ ملک اسی وقت کے لئے میرے بزرگوں نے اپنی قیمتی جان ومال لٹا کر حاصل کیا تھا۔۔۔؟؟؟
اگر نہیں۔ تو خُداراہ اب بھی وقت ہے اپنے اس پیارے وطن پاکستان کے امن وامان اور اس ملک کی بقاو سلامتی اور تحفظ کو برقرار رکھنے کے لئے مشترکہ طور پر تمام پاکستانی عوام چاہے وہ ایک عام شہری ہو یا اس کا تعلق کسی بھی سیاسی، سماجی یا مذہبی جماعت سے ہو یا پھر کسی بھی شعبہ ہائے زندگی سے وہ تعلق رکھتا ہو آج پاکستان کی اس موجودہ مشکل صورتحال میں ایک پاکستان کے جھنڈے تلے جمع ہوکر اس بات کو ثابت کردیں۔  ہم بہ حیثیت محبِ الوطن پاکستانی اپنے ارضِ وطن پاکستان کے خلاف ہونے والی ہر گھنائونی سازش کو ناکام بناکر ملک دشمن عناصر کو بے نقاب کرکے کیفرِ کردار تک پہنچانے میں لمحہ برابر بھی دیر نہیں کریں گے۔ یہ وطن ہمارا ہے اور اس پر ہم کبھی بھی کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے ہم اس پر اپنی جان ومال تو لٹا سکتے ہیں مگر اپنے وطن کو ہرگز ہرگز لٹنے نہیں دیں گے۔

اللّٰہ ربّ العزت میرے ملک پاکستان کو رہتی دنیا تک قائم رکھے اس کی عزت وآبرو کو محفوظ رکھے اللّٰہ پاک میرے ارضِ وطن کی ترقی وسلامتی کو ہمیشہ برقرار رکھے میرے وطن کو ہمیشہ اپنی خاص آمان میں رکھے آمین ثمّہ آمین ۔

اپنے حق کے لئے خود ہی آواز بلند کرنی پڑتی ہے
بے ضمیر قوموں کے نصیب یونہی جاگا نہیں کرتے۔
پاکستان زندہ آباد
پاکستان پائندہ آباد

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں