سانحہ مواچھ گوٹھ، ملک کے مختلف حصوں میں دہشتگردی پھر سر اٹھارہی ہے، امیرحیدر خان ہوتی

0
39

کراچی: عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیرحیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں دہشتگردی پھر سر اٹھارہی ہے۔ جہاں بھی انسانی خون بہتا ہے وہ ہمارا خون ہے لیکن آج ایک بار پھر پشتونوں کو خون بہایا جارہا ہے۔

 ضلع ملیر کراچی میں سانحہ مواچھ گوٹھ کی تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیرحیدر خان ہوتی نے کہا کہ تمام تر سیاسی اختلافات کو بھلا کر اپنی قوم کے تحفظ کیلئے اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ پشتون روایات میں بچوں اور خواتین پر کبھی ہاتھ نہیں اٹھایا جاتا، مواچھ گوٹھ میں بچوں اور خواتین کو شہید کیا گیا۔

 ان کا کہنا تھا کہ ریاست سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ آج طے کرلیں کہ اپنے لوگوں کو کس طریقے سے تحفظ دینا ہے۔ریاست کو یہ بھی واضح کرنا ہوگا کہ کس طرح  ان واقعات میں ملوث لوگوں کو بے نقاب کریں گے۔چالیس سال سے پشتونوں کا خون بہایا گیا، مارا بھی پشتون گیا اور بدنام بھی ہمیں کیا گیا۔ خون بھی پشتون کا بہا اور دہشتگرد بھی پشتون کو قرار دیا گیا۔ پاکستان پہلے سے زخمی ہے اور بڑی قیمت ادا کرچکا ہے، کراچی سمیت پختونخوا اور پوری ملک نے بڑی قیمت ادا کی ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیرحیدر خان ہوتی کا مزید کہنا تھا کہ ریاست سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بہت ہوچکا ، پرائی جنگ میں بہت خون بہہ گیا۔غیروں کی مفادات کی جنگ میں ہم کچلے گئے۔ اب اس پرائی جنگ سے نکلا جائے اور عوام کو تحفظ دیا جائے۔ سانحہ مواچھ گوٹھ میں ملوث افراد انسان نہیں۔ ہمارا واحد مطالبہ ہے کہ ذمہ داران کو بے نقاب کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دھرتی کے ہر شہید کے خون کو انصاف ملنے تک ہم آواز اٹھاتے رہیں گے۔ دنیا میں پشتونوں کو جس طرح پیش کیا گیا، قطعاً ایسا نہیں ہے۔ 14شہداء دینے کے باوجود بھی سانحہ مواچھ گوٹھ کے لواحقین پرامن طریقے سے انصاف کا مطالبہ کررہے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں