فخر زمان کو پاک بحریہ کے اعزازی لیفٹیننٹ کا رینک تفویض کردیا

0
6

کراچی: چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کرکٹ کے میدان میں شاندار کارکردگی اور پاک بحریہ سے وابستگی کی بنیاد پرمعروف کرکٹر فخر زمان کوپاک بحریہ کے اعزازی لیفٹیننٹ کا رینک تفویض کر دیا۔ اس ضمن میں نیول ہیڈکوارٹرز میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔
  فخر زمان پاک بحریہ کے سابق سروس مین ہیں۔انھوں نے پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں 2007میں بطور سیلر شمولیت اختیار کی۔ سروس کے اوائل ہی میں اُن کی کرکٹ سے لگن اور بیش بہا ٹیلنٹ کوسراہاگیافخرزمان  نے کئی مقابلوں میں پاک بحریہ کی بہترین نمائندگی کی اور پاک بحریہ کے لیے کئی اعزازات حاصل کیے۔فخرزمان نے اپنا پہلا بین الاقوامی میچ بھی 2012میں پاکستان نیوی کے پلیٹ فارم سے کھیلااور آسٹریلیا میں ہونے والے بین الاقوامی ڈیفنس کرکٹ چیلنج کپ 2012میں ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔ اُن کی اعلیٰ کارکردگی کی بنیاد پر انھیں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی جانب سے سندِتحسین بھی دی گئی۔
پاک بحریہ نے فخر زمان میں غیر معمولی ٹیلنٹ اور کرکٹ سے لگاؤ کو دیکھتے ہوئے انھیں اپنا کیرئیر کرکٹ میں آگے بڑھانے اور پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کا حصّہ بننے کا موقع فراہم کیا۔ اپنے کرکٹ کے کیرئیر میں اُن کی بڑی کامیابیوں میں 2017میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف میچ جتوانے والی سنچری بنانا شامل ہے جس میں انھیں ’مین آف دی میچ‘ کا اعزاز بھی ملا۔ اس کے علاوہ سال 2018میں انھوں نے صرف 18میچز میں تیز ترین 1000رنز بھی بنائے۔ 2018میں وہ ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے پہلے پاکستانی بنے اور انھوں نے 304رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ اسکور کرنے کا ریکارڈ بنایا۔ فخرزمان نے لگاتار پانچ ون ڈے سیریز میں 512رنز بنا کر ورلڈریکارڈ قائم کیا۔ قومی T-20ٹورنامنٹ میں انھیں بہترین کھلاڑی اور بلے باز کا اعزاز بھی دیا گیا۔
قبل ازیں، تقریب سے خطاب کرنے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اعزازی لیفٹیننٹ فخرزمان کو پاکستان کرکٹ کے لیے اعزازات حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انھوں نے کہا کہ پاک بحریہ اسکواش، سیلنگ، ہاکی، فٹ بال سمیت متعدد کھیلوں کے فروغ میں معاونت فراہم کررہی ہے اور کئی کھلاڑی پیدا کرچکی ہے جنھوں نے پاکستان کے لیے اعزازات حاصل کیے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر کھیلوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
اعزازی رینک تفویض کرنے کی تقریب میں عسکری و سول حکام، پی سی بی کے عہدیداران، سابق کرکٹرز اور فخرزمان کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں