تفاخر کیلئے مہنگا جانور خریدنے سے گریز کرنا چاہیے، مفتی نعمان نعیم

0
258

کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم مفتی نعمان نعیم نے کہاکہ قربانی میں نمود نمائش کیلئے مہنگا جانور خریدنے سے گریز ضروری ہے، قربانی کا اصل مقصد اللہ تعالیٰ کی رضامندی کا حصول اور جذبہ ایثار ہے۔

گزشتہ روز جامعہ بنوریہ عالمیہ میں اجتماعی قربانی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے مہتمم جامعہ بنوریہ عالمیہ مفتی  نعمان نعیم نے کہاکہ قربانی میں اچھا اور عمدہ جانور کی قربانی بہتر اور باعث ثواب ہے مگر تفاخر اور نمود ونمائش کیلئے مہنگا جانور خریدنا اجرو ثواب سے محرومی کا باعث ہونے کے ساتھ کمزور اور غریب لوگوں کی حوصلہ شکنی کاسبب بنتا ہے۔ قربانی کے جانور کی خریداری میں نمود ونمائش اور تفاخر سے گریز کرنا چاہیے۔

 انہوں نے کہاکہ عید الاضحی کے قریب آتے ہی ایسے واقعات دیکھنے کو ملتے ہیںجن کو دیکھ کر لگتا ہے کہ لوگ اس کے ذریعہ اپنی بڑائی دکھانے اور ریاکاری کی کوشش کررہے ہوں، بعض مخصوص تاجر اپنے قیمتی بکروں اور مینڈھوں کی نمائش شروع کر دیتے ہیں اور لوگ خریداری میں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کرنے لگتے ہیں جس سے ایسا محسوس ہوتا ہے خریدار صرف قربانی کے لئے بکرا نہیں خرید رہے ہیں بلکہ قربانی کے ساتھ انہیں نمائش بھی مقصود ہو۔

انہوں نے مذید کہاکہ ریاکاری جس طرح دیگر عبادات کو برباد کرتی ہے اسی طرح قربانی بھی ایک عبادت ہے اس میں بھی اسلام ریاکاری اور نمود نمائش کی اجازت نہیں دیتاہے۔ اللہ کو نہ تو قربانی گوشت پہنچتا ہے اور نہ خون بلکہ ہمارے تقویٰ اور خلوص کو عنداللہ اہمیت حاصل ہے۔ خلوص نیت کے ساتھ قربانی کی شرائط کے مطابق جیسا بھی جانور ذبح کریں گے اللہ تعالیٰ اس کا اجر کئی گناہ بڑھا کر دیں گے اور اگر ریاکاری کے ساتھ دنیا بھر کے جانور بھی ذبح کردیں تو ثواب سے محروم رہیں گے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں