وزیر اعظم عمران خان کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین  پر بریفنگ

0
160

اسلام آباد: وزیرِ برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد احمد نے وزیرِ اعظم کو کامسیٹس اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ  آف الیکٹرانکس کی جانب سے تیار کردہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین، ووٹنگ کے طریقہ کار اور مشین کے مختلف فیچرز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ مذکورہ مشین کی مدد سے جہاں ووٹنگ کا سارا عمل مکمل طور پر شفاف اور غیر جانبدار ہو جائے گا وہاں انتخابی عمل کے نتائج مکمل طور پر محفوظ اور فوری طور پر میسر آسکیں گے۔

الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی تیاری میں ان تمام ایشوز کا حل یقینی بنایا گیا ہے جو ماضی میں انتخابی عمل کے حوالے سے اٹھائے جاتے رہے ہیں۔

وزیرِ اعظم کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے انتخابی عمل کا عملی مظاہرہ پیش کیا گیا۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ وزراتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، کامسیٹس اور این آئی ای  کی مشترکہ کاوش سے تیار کی جانے والی مشین کو محدود پیمانے پر ٹیسٹ کیا گیا ہے جس کے نہایت حوصلہ افزاء نتائج سامنے آئے ہیں۔

وزیرِ اعظم نے نمونہ مشین کی ورکنگ پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس حوالے سے وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور کامسیٹس کی کاوشوں کو سراہا۔

بعد ازاں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے تفصیلی اجلاس ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں ملک میں ہونے والے تقریباً  ہر الیکشن پر مختلف سوالات اٹھائے گئے جس سے نہ صرف انتخابی و جمہوری عمل متاثر ہوا بلکہ اس سے عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچی۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ ماضی کے تجربے کی روشنی میں انتخابی عمل کو  ہر ممکن طریقے سے شفاف، محفوظ اور غیر جانبدار بنانے کے حوالے سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین متعارف کرانا ملکی  اور ملک میں جمہوریت کے مفاد میں ہے۔ حکومت اس حوالے سے پرعزم ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مجوزہ الیکٹرانک مشین کو جدید سیکیورٹی فیچر سے مزین کرنے کے لئے کوششیں تیز کی جائیں اور حوالے سے ترقی یافتہ ملکوں کے تجربے کو بھی سامنے رکھا جائے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں