پہلی بار سپریم کورٹ میں خاتون جج کی تعیناتی کا امکان

0
118

اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے 9 ستمبر کو جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب کرلیا۔ ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عائشہ ملک کو سپریم کورٹ کا جج بنانے پر غور ہوگا۔

 ذرائع کا کہنا ہےکہ سپریم کورٹ کے جسٹس مشیر عالم 17 اگست کو عہدے سے ریٹائر ہو جائیں گے، جس کے بعد جسٹس عائشہ ملک کو جسٹس مشیر عالم کی خالی نشست پر تعینات کیے جانےکاامکان ہے۔

 جسٹس عائشہ ملک کون ہیں؟ اس بارے میں لاہور ہائی کورٹ کی ویب سائٹ پر موجود تعارف کے مطابق 55 سالہ جسٹس عائشہ ملک 2012 سے لاہور ہائی کورٹ میں تعینات ہیں۔

 جسٹس عائشہ ملک نے اپنی ابتدائی تعلیم پیرس، نیویارک اور پھر کراچی سے حاصل کی، بی کام کراچی سے کرنے کے بعد انہوں نے لاہور سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی اور ایل ایل ایم انہوں نے ہارورڈ لاء اسکول امریکا سے کیا جس کے بعد واپس آکر انہوں نے وکالت کا آغاز کیا۔

جسٹس عائشہ ملک لاہور ہائی کورٹ میں سنیارٹی لسٹ میں چوتھے نمبر پر ہیں اور ان کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ 2 جون 2028 ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کی عدالتی تاریخ میں اب تک کوئی خاتون سپریم کورٹ میں جج کے عہدے تک نہیں پہنچ سکی ہے۔ جوڈیشل کمیشن کی منظوری کی صورت میں جسٹس عائشہ ملک سپریم کورٹ کی پہلی خاتون جج ہوں گی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں