جامعہ سندھ، 10 ایم فل و پی ایچ ڈی اسکالرز کو سندھ ہیک اسکالرشپ کے تحت چیک کی تقسیم

0
149

جامشورو: جامعہ سندھ جامشورو میں وائس چانسلر آفس میں منعقد کی گئی تقریب میں شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے ایم فل و پی ایچ ڈی کے 10 اسکالرز کو سندھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن انڈیجنس اسکالرشپ کے تحت چیک دیئے۔ سندھ ہیک کی جانب سے پہلی بار ایم فل و پی ایچ ڈی ریسرچ اسکالرز کیلئے 2 لاکھ 30 ہزار روپے فی اسکالر کے حساب سے مجموعی طور 23 لاکھ روپے جاری کیے گئے، جس کے بعد اسکالرشپ کمیٹی کی جانب سے امیدواروں کے انٹرویوز لیے گئے اور 10 انتہائی اہل امیدواروں کا انتخاب کیا گیا، جنہیں ان کی ایم فل و پی ایچ ڈی کی بقیہ داخلہ فی کاٹ کر باقی رقم چیک کی صورت میں جاری کی گئی۔

اسکالر شپ حاصل کرنے والے خوشنصیب ایم فل اسکالرز میں سومل جھتیال، چترومل، جمشید خان، مہیش کمار اور نذیر اشرف شامل ہیں، جبکہ پی ایچ ڈی اسکالرز میں بلقیس بلوچ، عبدالرزاق، شکیرہ، طاہرہ پیچوہو اور فتح علی شامل ہیں۔ چیک تقسیم کرنے والی تقریب میں رجسٹرار ڈاکٹر غلام محمد بھٹو، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس فنانشل ایڈ آفس ڈاکٹر فضا قریشی، ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ گریجویٹ اسٹیڈیز پروفیسر ڈاکٹر شہزاد احمد میمن، قمر ناگراج، عبدالمجید پنہور و دیگر بھی موجود تھے۔

تقریب میں بات چیت کرتے ہوئے شیخ الجامعہ سندھ ڈاکٹر کلہوڑو نے کہا کہ سندھ ہیک کو اسکالر شپ کی تعداد بڑھانے کیلئے کہا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ اسکالرز فائدہ اٹھا سکیں اور اپنی تعلیم مکمل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ سندھ اس وقت مختلف اسکالرشپس فراہم کر رہی ہے، جس کیلئے میرٹ اور ضرورتمند طلباءکو درخواستیں دینی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکالرشپ کے حوالے سے سندھ ہیک کے علاوہ ہیک اسلام آباد، محکمہ عشر زکوات ، وفاقی حکومت کا احساس اسکالر شپ پروگرام اور کچھ نجی ادارے بھی جامعہ سندھ کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں، جن کے مشکور ہیں۔ دوسری جانب اسکالرز نے اسکالرشپ کے چیک ملنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور وائس چانسلر نے انہیں مبارکباد پیش کی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں