پی ایف یو جے کی فیڈرل ایگزیکٹو کونسل کا تین روزہ اجلاس ختم، آزادی اظہار، میڈیا کی آواز کو دبانے کی ہر سازش کو ناکام بنانے کیلئے عزم کا اعادہ

0
69

کراچی: پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی فیڈرل ایگزیکٹو کونسل کا 3 روزہ اجلاس عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ سہہ روزہ اجلاس میں آزادی اظہار اور میڈیا کی آواز کو دبانے کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا اعادہ کیا گیا۔

اجلاس کے پہلے روز صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی فیڈرل ایگزیکٹو کونسل کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب میں منعقد ہونے والے تین روزہ اجلاس کے پہلے دن صحافیوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی بات کی۔ اس موقع پر آزادی اظہار پر قدغن کیلئے بنائے گئے قوانین کیخلاف جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس سے شرجیل میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کا کام ہے کہ تنقید کو برداشت کریں۔ جمہوری لوگ ہی تنقید کو برداشت کرنے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو ماضی میں میڈیا نے یکطرفہ تنقید کا نشانہ بنایا، لیکن پاکستان پیپلز پارٹی نے کبھی بھی آمرانہ رویہ نہیں اپنایا۔ صدر آصف علی زرداری کے دور حکومت میں کسی کو انتقامی کارروائی کا نشانہ نہیں بنایا گیا اور کوئی جیل میں نہیں رہا۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آزاد میڈیا کی حمایت کی ہے اور صحافیوں کی تحریک کی حمایت میں حصہ لیا ہے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومتوں کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ صحافی جو اپنی جان کو جوکھم میں ڈال کر کام کرتے ہیں، ان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ہوں، آصف علی زرداری ہوں یا بلاول بھٹو زرداری صحافیوں اور صحافتی اداروں کی بہتری کے لیے کردار ادا کیا ہے، پیپلز پارٹی کی کوشش رہی ہے کہ میڈیا ورکرز کے حالات بہتر ہوں۔

انہوں نے پاکستان بھر آئے ہوئے فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے اراکین کو خوش آمدید کہا اور یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت ان کی سفارشات اور مطالبات پر بھرپور عمل کرے گی۔ انہوں نے صحافتی تنظیموں کے مختلف دھڑوں پر زور دیا کہ ایک ہوجائیں، آپس میں لڑنے سے آپ کی طاقت تقسیم ہوجاتی ہے، سنیئر صحافی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں۔ پیپلز پارٹی کی جہاں جہاں آپ کو ضرورت پڑے گی۔ ہم مکمل حمایت اور سپورٹ کرینگے۔

فیڈرل ایگزیکیٹو کونسل کا پہلا دن

پی ایف یو جے کی فیڈرل ایگزیکیٹو کونسل کے تین روزہ اجلاس میں ملک بھر سے صحافتی تنظیموں کے عہدیداران نے شرکت کی۔ افتتاحی سیشن کی صدارت پی ایف یو جے صدر شہزادہ ذوالفقار نے کی۔


صدر کے یو جے شاہد اقبال اور جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی نے تمام صحافی رہنماؤں کا خیر مقدم کیا۔اجلاس کے پہلے سیشن میں میڈیا بحران اور کارکن صحافیوں کے مسائل پر غور و خوص’
میڈیا اداروں سے جبری برطرفیوں، تنخواہوں میں کٹوتیوں و تاخیر اور آٹھویں ویج بورڈ ایوارڈ کے نفاذ جیسے اہم موضوعات بھی زیرِ غور آئے۔

شرکاء نے پی ایم ڈی اے اور پیکا جیسے سخت قوانین کیخلاف جدوجہدجاری رکھنے کاعزم اور صحافیوں کی جبری برطرفی، تنخواہوں میں کٹوتی اورتاخیر سے ادائیگیوںپراظہار تشویش کیا۔

فیڈرل ایگزیکیٹو کونسل کا دوسرا دن

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کا تین روزہ فیڈرل ایگزیکیٹو اجلاس کے دوسرے روز ملک بھر میں موجود یونین آف جرنلسٹس (یو جیز) نے اپنی گذشتہ سال کی کارکردگی رپورٹ پیش کیں جنہیں معمولی وضاحتوں کے بعد آڈٹ رپورٹس سے مشروط کرتے ہوئے عبوری طور پر منظور کر لیا گیا۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) کا فعال ترین یو جے کا ریکارڈ اس برس بھی برقرار رہا’ ماہانہ اجلاس کے انعقاد ‘مختلف مسائل پرمظاہرے’ کارکن صحافیوں کی تنخواہوں’ واجبات سمیت دیگر مسائل حل کرائے گئے۔ ایف ای سی اجلاس کے آخری روز پی ایف یو جے کے آئندہ الیکشن کے حوالہ سے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔

اجلاس میں ملک بھر کی صحافتی تنظیموں کے منتخب عہدیداروں نے اپنے خطاب میں اجلاس کے شاندار انتظامات پر بھی کراچی یونین آف جرنلسٹس خصوصاً صدر شاہد اقبال اور سیکریٹری جنرل فہیم صدیقی کو خراج تحسین پیش کیا۔

فیڈرل ایگزیکیٹو کونسل کا تیسرا دن

کراچی یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب میں فیڈرل ایگزیکیٹو کونسل کے تیسرے اور آخری دن صدر پی ایف یو جے شہزادہ ذوالفقار کی زیر صدارت اجلاس میں متعدد قراردادوں کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ صحافت کے لئے وطن عزیز کی سرزمین تنگ نہ کی جائے۔ ریاست صحافیوں کے حقوق کا تحفظ کرے اور آزادئ اظہار پر جبری تشکیل دیئے گئے قوانین فوری ختم کئے جائیں۔

اجلاس میں میڈیا کا گلا گھونٹنے صحافیوں کی گمشدگی، برطرفی، تنخواہوں میں تاخیر اور کٹوتی کیخلاف بھی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی، ایوان نے سیاسی و معاشی عدم استحکام پر تشویش کا اظہار کیا۔ شرکاء نے جمہوری عمل کے تسلسل، صحافتی اقدار اور معیار پر بھی سیر حاصل گفتگو کی۔ پیمراقوانین، بے لگام سوشل میڈیا، ریٹنگ سسٹم سمیت اہم موضوعات زیر بحث آئے۔

صدر پی ایف یوجے شہزادہ ذوالفقار اور سیکریٹری جنرل ناصر زیدی کا کہنا تھا کہ حکومت میڈیا ہاوسز کے اشتہارات کا اجراء ملازمین کو سہولتیں دینے سے مشروط کرے۔

اجلاس میں پی ایف یوجے کی آڈٹ رپورٹ پیش کی گئی، جبکہ ملک بھر کی یونین آف جرنلسٹس کا آڈٹ شیڈول بھی جاری کیا گیا، اختتامی سیشن میں پی ایف یوجے نے الیکشن کمیٹی کے لئے ناموں کا بھی اعلان کرتے ہوئے بہترین میزبانی پر کے یو جے کے صدر شاہد اقبال، جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت پوری باڈی کو ڈیسک بجا کر خراج تحسین پیش کیا۔

اجلاس کے اختتام پر مہمانوں کو سندھ کا تحفہ سندھی اجرک پہنائی گئی، عشائیہ کے ساتھ ساتھ مہمانوں کو کراچی کے مشہور پورٹ گرینڈ پر بوٹنگ کروائی گئی اس طرح تین روزہ یہ خوبصورت ایونٹ ( کے یو جے ) کی سربراہی میں اپنے اختتام کو پہنچا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں