کراچی پریس کلب کی ممبران سمیت ان کے اہل خانہ کیلئے وائلڈ وینچر پارک میں پکنک کا اہتمام

0
116

کراچی: کراچی پریس کلب کے زیر اہتمام ہفتہ کو وائلڈ وینچر واٹرپارک میں پکنک کا اہتمام کیا گیا، جس میں ممبران کی بڑی تعداد اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر بچوں اور بڑوں نے واٹر پارک میں بھرپور تفریحی سرگرمیاں کیں۔ نوجوانوں نے پانی میں چھلانگیں لگائیں اور ٹھنڈک کے مزے لیے، کوئی تیراکی کے جوہر دکھاتا رہا تو کوئی لانگ سلائڈ سے لطف اندوز ہوا۔ کلب کے ممبران اور ان کے اہل خانہ کی انواع اقسام کے کھانوں سے تواضع بھی کی گئی۔ اس موقع پر میڈیکل کیمپ کا خصوصی طور پر انعقاد کیاگیا۔

پکنک کے موقع پر کراچی پریس کلب کی جانب سے بھرپور انتظامات کیے گئے تھے۔ مختلف امور کے لیے قیام عمل میں آنے والی کمیٹیوں نے اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دیئے۔ پکنک میں شریک صحافیوں اور ان کے اہل خانہ نے وائلڈ وینچر پارک میں تفریح سے بھرپور دن گذارا اور بہترین انتظامات کرنے پر کراچی پریس کلب کے عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا۔

صحافیوں نے کہا کہ اس طرح کی مثبت سرگرمیاں ان کے لیے تازہ ہوا کے جھونکے کی طرح ہیں۔ پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی کے باعث وہ اکثر ایسی سرگرمیوں میں شریک نہیں ہوسکتے ہیں۔ کراچی پریس کلب نے ہمیں اپنے اہل خانہ کے ساتھ اس پروگرام میں شریک کرکے قیمتی لمحات مہیا کیے ہیں۔

کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکرٹری شعیب احمد نے کہا کہ اپنے ممبران کے لیے تفریحی سرگرمیوں کا انعقاد ہمارا خاصہ رہا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ممبران کو تفریحی سرگرمیاں میسر آئیں تاکہ وہ تازہ دم ہو کر اپنے پیشہ وارانہ فرائض انجام دے سکیں۔ انہوں نے پکنک کے انتظامات کے لیے قائم کی گئی کمیٹیوں کے ارکان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کمیٹیوں نے انتہائی دلجمعی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں اور تمام امور انتہائی خوش اسلوبی کے ساتھ انجام پائے۔ آج اپنے ممبران اور ان کے اہل خانہ کے چہروں پر مسکراہٹ دیکھ کر دلی خوشی محسوس ہورہی ہے۔ کراچی پریس کلب کی جانب سے آئندہ بھی اس طرح کی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔

وائلڈ وینچر پارک کے اونر قادر بخش کلمتی اور ان کے صاحبزادے شاہ میر کلمتی نے کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکرٹری شعیب احمد سمیت گورننگ باڈی کے ارکان کو اجرک کا تحفہ پیش کیا جبکہ پریس کلب کی جانب سے قادربخش کلمتی اور دیگرز کو شیلڈ پیش کی گئیں۔ اس موقع پر قادربخش کلمتی اور ان کے صاحبزادے شاہ میر کلمتی نے کہا کہ ہم کراچی پریس کلب کے ممران اور ان کے اہل خانہ کو وائلد وینچر واٹر پارک میں خوش آمدید کہتے ہیں، یہ ہمارے لیے خوش قسمتی کی بات ہے کہ ملک کے سب سے بڑے پریس کلب کے ممبران نے ہمارے پارک کو رونق بخشی۔ صحافی اس ملک کا اثاثہ ہیں اور ان کی میزبانی ہمارے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔

قادر بخش کلمتی نے کہا کہ وائلڈ وینچر واٹر پارک نہ صرف لوگوں کو معیاری تفریحی فراہم کرے گا بلکہ کراچی کا امیج بھی بہتر بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سرمایہ کاری کا ایک ہی مقصد ہے کہ پاکستان کا نام بلند ہو۔

پکنک کے موقع پر پریس کلب کے نائب صدر مشتاق سہیل، جوائنٹ سیکریٹری اسلم خان، خازن احتشام سعیدقریشی، ممبر گورننگ باڈی شمس کیریو، رفیق بشیر، فاروق سمیع، کلثوم جہاں، ذوالفقار راچپر اور ذوالفقار ووہوچو سمیت سینئر صحافیوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں