اتحادی حکومت کا بڑا فیصلہ، اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے ارکان کے استعفے منظور کرلیے

0
109

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کا عمل شروع کردیا۔ تحریک انصاف کے گیارہ ارکان کے استعفے اسپیکر نے منظور کرلئے گئے۔

گیارہ اپریل کو قومی اسمبلی سے استعفے دینے والے پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کا عمل شروع ہوگیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے 11 ارکان کے استعفے منظور کرلئے۔ پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کے 4، پنجاب سے 2، صوبہ سندھ سے 3 مستعفی ارکان کے استعفے منظور کئے گئے ہیں اور این اے 22، مردان تھری سے پی ٹی آئی کے ایم این اے علی محمد خان،
این اے 24 چارسدہ ٹو سے فضل محمد خان، این اے 31 پشاور 5 سے شوکت علی، این اے 45 کرم ایک سے فخر زمان خان کا استعفیٰ منظور کیا گیا ہے۔

پنجاب سے قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 208 فیصل آباد 8 سے فرخ حبیب، این اے 118 ننکانہ صاحب ٹو سے اعجاز احمدشاہ، این اے 237 ملیر ٹو سے جمیل احمد خان کے استعفے بھی منظور کیے گئے ہیں جبکہ صوبہ سندھ سے این اے 237 ملیر ٹو  سے جمیل احمد خان، این اے 239 کورنگی کراچی ایک سے محمد اکرم چیمہ، این اے 246 کراچی ساؤتھ ایک سے عبدالشکور شاد کے استعفے بھی منظور کرلیے گئے ہیں۔

پنجاب سے خواتین کی مخصوص نشست پر رکن ڈاکٹر شیریں مزاری اور خیبرپختونخوا سے خواتین کی مخصوص نشست پر رکن شاندانہ گلزار خان کے استعفے بھی منظور ہوگئے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے 6 جون سے تصدیقی عمل شروع کیا تھا اور حتمی تاریخ 10 جون مقرر کی تھی۔مستعفی ہونے والے 131 ارکان کو اسپیکر کی جانب سے خطوط پہلے ہی جاری ہوچکے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں